شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ، 4 افراد جاں بحق، میران شاہ کے نواحی گاؤں چشمہ میں ایک گھرکو نشانہ بنایا گیا

بدھ 29 مئی 2013 11:24

میران شاہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مئی 2013ء) میرانشاہ میں امریکی ڈرون طیارے کے میزائل حملے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون طیارے نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب میران شاہ کے نواحی گاؤں چشمہ میں ایک گھرکو نشانہ بنایا اور دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ اس میں موجود 4 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تباہ شدہ مکان کے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال پہنچایا۔ جہاں چاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ 11 مئی کے انتخابات کے بعد پاکستان میں یہ پہلا امریکی ڈرون حملہ ہے، گذشتہ ہفتے امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا تھا کہ ڈرون حملوں ہی کی وجہ سے امریکا دہشتگردوں سے محفوظ ہوا ہے تاہم وہ ڈرون حملوں کی پالیسی پر نظرِ ثانی کریں گے۔