Live Updates

اپوزیشن میں تعداد کا کم یا زیادہ ہونا کوئی اہمیت نہیں رکھتا ،مثبت تعمیری اپوزیشن کرینگے‘ مخالفت برائے مخالفت کی بجائے ایشوز پر توجہ دینگے‘صحت ،تعلیم‘ امن و امان ہماری ترجیحات ہیں اور ان شعبوں کی بہتری کیلئے اگر قانون سازی کی ضرورت ہو تو کی جانی چاہیے ‘ایک شخص طاقت کا محور نہیں ہونا چاہیے ‘جن لوگوں کووزارتیں دی جائیں اور انکی کارکردگی کی پوچھ گچھ ہونی چاہیے، پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید کی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 1 جون 2013 16:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 1جون 2013ء) پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں تعداد کا کم یا زیادہ ہونا کوئی اہمیت نہیں رکھتا ، ہم اپوزیشن میں رہتے ہوئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار اد اکریں گے اور مخالفت برائے مخالفت کی بجائے ایشوز پر توجہ دیں گے‘ صحت ،تعلیم‘ امن و امان ہماری ترجیحات ہیں اور ان شعبوں کی بہتری کیلئے اگر قانون سازی کی ضرورت ہو تو کی جانی چاہیے ‘ ہم چاہتے ہیں کہ ایک شخص طاقت کا محور نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنے لوگوں پر اعتماد کر کے انہیں وزارتیں دی جائیں اور ان سے کارکردگی بارے پوچھ گچھ کی جائے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ ایوان میں مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے جہاں تک تعداد کا سوال ہے تو یہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا ، اگر بات دلیل‘ ثبوت اور اعدادوشمار کی جائے تو پھر اسکا اثر بھی ہوتا ہے اور یہ تعداد بھی بہت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم تنقید برائے تنقید پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ایوان میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں گے۔

ہم چاہیں گے کہ تعلیم‘ صحت اور امن و امان کی صورتحال پر توجہ دی جائے اور بجٹ میں انہیں ترجیح دی جائے اگر ان شعبو ں کی بہتری کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے تو وہ بھی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ایوان میں مضبوط اپوزیشن کے کردار کیلئے مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے بات جاری ہے اور جلد ہی یہ چیزیں کھل کر سامنے آ جائیں گی ،جبکہ ایوان میں مختلف عہدوں کے انتخاب میں حصہ لینے کے حوالے سے بات چیت ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے پاس دس‘ بیس وزارتیں نہیں ہونی چاہئیں بلکہ اپنے لوگوں پر اعتماد کر کے انہیں وزارتوں کے قلمدان سونپے جائیں او رپھر ان سے انکی کارکردگی بارے پوچھا جائے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات