حیدرآباد ،سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا انجکشن نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 3 جون 2013 23:22

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جون۔ 2013ء) سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہیپاٹائٹس کے مریضوں نے انجکشن نہ دیئے جانے کے خلاف حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء ہیپاٹائٹس کے انجکشن نہ دیئے جانے کے خلاف نعرے لگارہے تھے، مظاہرین ہاتھوں میں انجکشن رکھنے کے کولر ایڈمٹ کارڈ اٹھائے ہوئے تھے‘ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں اور سول ہسپتال حیدرآباد سے تمام رپورٹس کرانے کے بعد ان کا علاج شروع کیا گیا تھا لیکن ہسپتال انتظامیہ نے 6 ماہ کے کورس کے درمیان میں ہی ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو انجکشن دینے سے انکار کردیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ کا موٴقف ہے کہ سندھ حکومت نے ہیپاٹائٹس کے انجکشن کے لئے ان کا بجٹ بند کردیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں،ہیپاٹائٹس کے مریضوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مذکورہ معاملے کا نوٹس لے کر بجٹ منظور کریں تاکہ وہ اپنا علاج مکمل کرواکر صحت مند زندگی گزار سکیں۔

متعلقہ عنوان :