گھٹنے کے آپریشن کے بعد بہتر محسوس کر رہا ہوں، تین ہفتوں کے بعد وہ دوڑ نا اور باوٴلنگ شروع کردوں گا،ڈاکٹروں کے مشورہ کے مطابق ورزش اور سائیکلنگ کرتا رہا ہوں، چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنے کا بہت دکھ ہے ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 5 جون 2013 15:43

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 5جون 2013ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل نے کہا ہے کہ گھٹنے کے آپریشن کے بعد وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور تین ہفتوں کے بعد وہ دوڑ نا اور باوٴلنگ شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ یہ زیادہ کرکٹ کھیلنے سے نہیں بلکہ جنوبی افریقہ کے خلاف مارچ میں ایک روزہ میچ کھیلتے ہوئے ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے 9مئی کو آسٹریلیا میں آپریشن کرایا تھا اور ڈاکٹروں کے مشورہ کے مطابق ورزش اور سائیکلنگ کرتا رہا ہوں جس سے اب بہتر محسوس کرتا ہو ں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق تین ہفتوں بعد رننگ اور باوٴلنگ شروع کر سکیں گے۔ اپنی کرکٹ بارے سوال پر گل نے کہا کہ وہ ٹھیک ہونے کے بعد ہر طرح کی کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے اور اس میں لمبی اور شارٹ اوورز کی کرکٹ میں کوئی فرق نہیں کریں گے۔ عمر گل نے کہا کہ زخمی ہونا کرکٹ کا حصہ ہے تاہم انہیں چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنے کا بہت دکھ ہے اور امیدہے کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہو کر قومی ٹیم کے لئے میسر ہونگے۔