سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی زیر صدارت عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں پہنچانے سے متعلق اعلی سطحی اجلاس

بدھ 5 جون 2013 16:44

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 5جون 2013ء ) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں پہنچانے سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس بدھ کے روز سپیکر چیمبر میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں محکمہ صحت کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں بالخصوص صوابی کے عوام کو صحت کی معیاری اور بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کئی ایک منصوبوں پر سیر حاصل بحث کی گئی اور اس بارے میں کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے ۔

اجلاس میں گجوخان میڈیکل کالج کے قیام اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوپی کا درجہ بڑھانے کے علاوہ علاقے کے ہسپتالوں اور بنیادی صحت کے طبی مراکز کو جدید ایمبولینس ،ادویات اور ضروری طبی ساز وسامان کی خریداری اور فراہمی کے علاوہ صحت سے متعلق کئی ایک دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ گجوخان میڈیکل کالج کو مالی سال کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا درجہ بڑھانے کا معاملہ پہلے ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ صوابی کے ہسپتالوں اور صحت کے بنیادی مراکز کو جرمن پراجیکٹ کے ذریعے 31دسمبر تک جدید ترین ایمبولینس ،آلات ،ادویات اور دیگر طبی سازوسامان فراہم کردیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے واضح کیا کہ عوام کو جدید طبی سہولیات کا فراہمی ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس دن سے انہوں نے سپیکر شپ کا عہدہ سنبھالا ہے،اس دن سے انہوں نے علاقے کے عوام کی خدمت کیلئے اپنا شب وروز ایک کیا ہوا ہے اور انہوں نے اپنے آرام کا وقت بھی عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص صوابی کے عوام ایک عرصے سے احساس محرومی کاشکار ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے علاقے میں بھر پور ترقیاتی عمل شروع کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔قبل ازیں مختلف نمائندہ وفود سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ عوام اس دور حکومت میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے کیونکہ وہ تبدیلی کے نعرے پر ہی ایوانوں تک پہنچے ہیں۔تاہم انہوں نے عوام پر زور دیا کہ تبدیلی ایک دن یا چند مہینوں میں نہیں آسکتی بلکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جو بتدریج آئے گا کیونکہ صدیوں پرانے نظام کو اشارے سے فوری ختم نہیں کیا جا سکتا اور اس تبدیلی کے اس عمل کی تکمیل میں کچھ عرصہ صرف ہوگا۔

متعلقہ عنوان :