ریسکیو 1122کا منصوبہ حادثات کا شکار ہونیوالے افراد کو بروقت ریلیف اور طبی امداد کی فراہمی میں اہم کردار کررہا ہے ‘وزیر اعلی پنجاب

پنجاب ایمرجنسی اکیڈمی عملے کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کررہی ہے ‘جون تک اس سروس کو صوبے کے دیگر 12شہروں میں آپریشنل کردیا جائیگا ‘ریسکیو 1122کی تربیت حاصل کرنیوالے سٹاف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

جمعہ 2 مارچ 2007 17:56

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار02 مارچ2007 ) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب ایمر جنسی سروس ریسکیو 1122کا منصوبہ حادثات اور ناگہانی صورتحال کا شکار ہونیوالے افراد کو بروقت ریلیف اور طبی امداد کی فراہمی میں اہم کردار کررہا ہے۔ لاہور میں ایمر جنسی سروس کے ذریعے اب تک 41ہزار افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز ریسکیو 1122کی تربیت حاصل کرنیوالے سٹاف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ممبر برٹش پارلیمنٹ چوہدری محمد سرور ‘ لارڈ پردوست گلاسکو لزکیمرون کنویز ڈویلپمنٹ کمیٹی ہنزالہ ملک‘صوبائی وزیر ٹورازم میاں اسلم اقبال ‘ چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق ‘ چیئر مین پی اینڈ ڈی سلیمان غنی ‘ ڈسٹرکٹ ناظم لاہور میاں عامر محمود اور یگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122کا قیام جس مقصد کے حصول کیلئے عمل لایا گیا تھا اس میں ہم سو فیصد کامیاب رہے ہیں۔

لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے 14اسٹیشن کا م کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ریسکیو سروس کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد راولپنڈی ‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ ‘سیالکوٹ ‘مری سرگودھا ‘ ساہیوال ‘ ملتان ‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی ریسکیو 1122سروس شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122سروس کی بہتر اور مثالی کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف لوگوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے بلکہ کسی بھی ناگہانی صورت سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ افراد کی دستیابی یقینی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی اکیڈمی عملے کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کررہی ہے اور یہ ملک کا منفرد تربیتی ادارہ ہے جو جدید تربیت کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائیڈ عملے اور جدید طبی سازوسامان سے لیس ریسکیو1122کی ایمبو لینسوں کو وائرلیس کے ذریعے مرکزی اسٹیشن سے منسلک کیا گیا ہے ، جو فون کال موصول ہونے پر سات منٹ کے اندر اندر جائے حادثہ پر پہنچ کر کاروائی شروع کردیتی ہیں۔

ہم اس سروس کے ذریعے محفوظ پنجاب کی منزل کی طرف سے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جون تک اس سروس کو صوبے کے دیگر 12شہروں میں آپریشنل کردیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سروس سے استفادہ کرسکیں ۔ اس منصوبے کے تحت جدید سازو سامان سے لیس 101نئی ایمر جنسی گاڑیاں اور73فائروہیکلز خریدی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2007ء سے فائرسروس کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اس لئے عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبر برٹش پارلیمنٹ چوہدری محمد سرور نے صوبے میں ایمر جنسی سروس کے منصوبے کے آغاز کے حوالے سے انتہائی مفید مشاورت فراہم کی ہے اور انہوں نے اس منصوبے کی کامیابی کے لئے گہری دلچسپی لی۔

وزیر اعلی پنجاب نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے 700سے زائد شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض پوری لگن اور تندہی سے سرانجام دیں گے۔ وزیر اعلی نے پنجاب ایمر جنسی ٹریننگ اکیڈمی میں آگ بجھانے کی مہارت کا عملی مظاہرہ دیکھا اور ایمر جنسی سکواڈ کی پریڈ کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے ایمر جنسی عملے کی پیشہ وارانہ مہارت اور نظم و ضبط کو سراہا۔

اس موقع پر گلاسکو کی فائر سروس اور پنجاب ایمر جنسی سروس میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے برائن فلپ سوینی چیف آفیسر فائر سروس گلاسکو اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمبولینس سروس رضوان نصیر اور گلاسکو کی لارڈ میئر لز کیمرون اور ضلع ناظم میاں عامر محمود نے علیحدہ علیحدہ مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے۔چیف آفیسر ریسکیو اینڈ فائر سروس گلاسکو برائن فلپ سوینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹھوس منصوبہ بندی کے ذریعے فائر ریسکیو سروس کا آغاز خوش آئند ہے۔

میں امید کرتا ہوں کہ فائر ریسکیو سروس کو بہترین ڈسپلن کے ذریعے منظم کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی دلیرانہ قیادت اور ذاتی دلچسپی سے ریسکیو 1122کا منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے اور یہ پاکستان کی پہلی تربیت یافتہ ایمر جنسی سروس ہے جس نے ہنگامی صورتحال مین متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے پیشہ وارانہ کارکردگی کی نئی مثال قائم کی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان میں دہشت گردی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں تین پولیس ملازمین جاں بحق ہوئے ہیں جنہوں نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔

متعلقہ عنوان :