Live Updates

لاہور،تحریک انصاف کاانتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی دھرنا ، ہر اتوار کو احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان ، آج کا دھرنا دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کا آغاز ہے ،احتجاج کا سلسلہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے مطالبات کو منظور نہیں کیا جا تا، دھاندلی سے وجود میں آنے والی حکومت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی یہ حکومت ملکی سالمیت پر ہونیوالے ڈرون حملوں کو روک سکے گی ، اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوتے تو آج عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوتے، حامد خان ،ڈاکٹر سیمی بخاری ،حافظ فر حت عباس اور دیگر کا خطاب

اتوار 9 جون 2013 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9جون۔ 2013ء) پاکستان تحریک انصاف کا عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا ، مطالبات کی منظوری تک ہر اتوار کو احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامد خان ایڈووکیٹ ، لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ فرحت عباس اور احسن رشید نے قیادت کی جبکہ اس موقعہ پر مرکزی نائب صدر ڈاکٹر سیمی بخاری ، ملک وقار ،ظہیر عباس ،عاطف چوہدری ،یاسر گیلانی ،حامد زمان ،خالد گجر،کر امت کھوکھر ،میاں اسلم اقبال ،ملک حماد اعوان ،شعیب آزاد ،نیلم ارشاداور دیگر بھی شر کت موجود تھے تحریک انصاف کے کارکنان نے حلقہ این اے 125,110,122اور 154میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے بعد احتجاجی دھرنا دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھا رکھے تھے جن پر عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف اور مذکورہ حلقوں میں دوبارہ انتخابات کے حوالے سے مطالبات کے نعرے درج تھے جبکہ کارکنوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تصاویر بھی اُٹھا رکھی تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ عام انتخابا ت میں دھاندلی کے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں جس کے خلاف تحریک انصاف احتجاج کر رہی ہے لیکن بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس لیا ہے اور نہ ہی ہمارے تحفظات دور کئے گئے ہیں جس کے بعد ہم احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں اور آج کا دھرنا دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کا آغاز ہے اور ہر اتوار کو شام پانچ سے آٹھ بجے تک لاہور پریس کلب کے سامنے دھاندلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور احتجاج کا سلسلہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے مطالبات کو منظور نہیں کیا جا تا۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے وجود میں آنے والی حکومت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی یہ حکومت ملکی سالمیت پر ہونیوالے ڈرون حملوں کو روک سکے گی کیونکہ ان کا ایجنڈا صرف اور صرف حکومت کرنا ہے اُن کو ملک اور عوام سے کوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو صرف عمران خان جیسا محب وطن لیڈر ہی بحرانوں سے نجات دلا سکتا ہے اور اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوتے تو آج عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوتے، تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات