پاکستان دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے،پاکستان اور ماریشس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جائے گا،چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی ماریشس کے ہائی کمشنرسے گفتگو

منگل 11 جون 2013 20:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11جون۔ 2013ء) چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے ۔پاکستان اور ماریشس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔وہ منگل کو ماریشس کے ہائی کمشنر محمد راشد دیوریاو کے ساتھ گفتگو کرترہے تھے ۔

جنہوں نے چیئرمین سینٹ سے اُن کے چیمبر میں ملاقات کی ۔ چیئرمین نیئر بخاری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی انہوں نے کہا کہ ماریشس میں گنا بڑی تعداد میں پیدا ہوتا ہے پاکستان شوگر انڈسٹری قائم کرنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے علاوہ ازیں پاکستان پھل بالخصوص آم اور مالٹوں کے علاوہ عمدہ کوالٹی کے چاول برآمد کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مظبوط ہورہی ہے ان دنوں عام الیکشن کے بعد جمہوری حکومت نے اقتدار جمہوری انداز میں منتقل کیا۔ ہائی کمشنر ماریشس محمد راشد نے صدر اور وزیراعظم ماریشس کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ ماریشس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار کی پُر امن منتقلی جمہوریت کے لیے بڑ ی اہم ہے دنیا میں اس کا بہت اچھا پیغام گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماریشس پاکستان کے تعلقات کو فروغ دیا جائے گا اور دو طرفہ تجارت میں اضافہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :