مظفرآباد ‘جامعہ محمدیہ اپرچھتر میں 19 ویں سالانہ تقریب تکمیل بخاری شریف 18جون کوہو گی

جمعرات 13 جون 2013 17:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 13جون 2013ء)آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں ریاست کے سب سے بڑے اسلامی مرکز جامعہ محمدیہ اپرچھتر میں 19 ویں سالانہ تقریب تکمیل بخاری شریف 18جون 2013ء دن بوقت 12بجے منعقد ہو گی۔ جامعہ محمدیہ کے ناظم ہارون الرشید اثری کی جانب سے پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ جامعہ محمدیہ میں تقریب تکمیل بخاری شریف کے مہمان خصوصی مکتب الدعوة السعودیة کے ڈائریکٹر حافظ ڈاکٹر عبدالحمید ازہر ہوں گے ،جبکہ تقریب کی صدار ت مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر شہاب الدین مدنی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ محمدیہ میں طلباء کے سالانہ امتحانات 12جون سے شروع ہو چکے ہیں،شعبہ کتب ،شعبہ کلیة،شعبہ حفظ و تجویدکے امتحانات لیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز میں سالانہ تقریب تکمیل بخاری شریف کے متعلق مزید یہ بھی بتایا گیا کہ مرکز اہل حدیث جامعہ محمدیہ اپر چھتر مظفرآباد سے 19ویں کلاس فارغ التحصیل ہو رہی ہے۔ اس وقت جامعہ محمدیہ کے طلباء آزاد کشمیر،پاکستان،برطانیہ،یورپ،امریکا،متحدہ عرب امارت سمیت سعودی عرب میں بھی دعوت و تبلیغ کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ آزاد کشمیر بھرکے تمام مدار س میں صرف جامعہ محمدیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جامعہ کے طالب علم پاکستان کے ایوان بالا کے سینیٹر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پریس ریلیز میں مزید یہ بھی بتا یا کہ تقریب تکمیل بخاری شریف کے پروگرامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، مکتب الدعوة السعودیة کے ڈائریکٹر حافظ ڈاکٹر عبدالحمید ازہر بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے ،علاوہ ازیں تقریب سے جید علماء کرام بھی خطاب کریں گے ۔