بجٹ سمجھ سے بالاتر ہے، غریب اور متوسط طبقے کیلئے کچھ نہیں رکھا گیا، بجٹ میں وی آئی پی کلچر کو مزید محفوظ بنایا گیا،متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کابجٹ پر ردعمل کااظہار

جمعرات 13 جون 2013 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13جون۔ 2013ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیش کیا جانے والا بجٹ سمجھ سے بالاتر ہے جس میں غریب اور متوسط طبقے کیلئے کچھ نہیں رکھا گیا، بجٹ میں وی آئی پی کلچر کو مزید محفوظ بنایا گیا۔مالی سال 2013-14ء پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ حکومت بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرکے سرکاری ملازمین سے زیادتی کی۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ضرور اضافہ کرتی کیونکہ مہنگائی کی اس شدید لہر میں گزارا کرنا انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں حکومت نے 65 سال میں رائج وی آئی پی کلچر کو محفوظ بنانے کی پوری کوشش کی اور ایسا بجٹ پیش کیا جو روایتی بجٹوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے عوام کی توقعات تھیں کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی لیکن حکومت نے عوام کو مایوس کیا کیونکہ اس بجٹ میں متوسط، غریب اور بیروزگاری سے پسے ہوئے طبقات کیلئے کچھ نہیں کیا۔