کوئٹہ: ویمن یونیورسٹی کی بس اور بولان میڈیک کمپلیکس میں دھماکے، 12 طالبات جاں بحق، 19 زخمی ، پہلا دھماکہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی بس میں ہوا، دوسرا دھماکہ بولان میڈیکل کمپلیکس میں ہوا جہاں زخمی طالبات کو طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی

ہفتہ 15 جون 2013 15:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جون۔2015ء) شہر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں کے نتیجے میں ویمن یونیورسٹی کی 12 طالبات جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق پہلا دھماکا بروری روڈ پر واقع ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی بس میں ہوا، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 4 طالبات موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئیں، لاشوں اور زخمی خواتین کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا جہاں مزید8 طالبات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

(جاری ہے)

دوسرا بم دھماکا بولان میڈیکل کمپلیکس کی ایمرجنسی میں اس وقت ہوا جب طبی عملہ ویمن یونیورسٹی کی زخمی طالبات کو طبی امداد فراہم کررہے تھے، سیکیورٹی ذرائع نے اسے خودکش دھماکا قرار دیا ہے، دھماکے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی بھی آوازیں آرہی ہیں جبکہ اسپتال میں افرا تفری کا عالم ہے۔دھماکوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری نے علاقے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دہشتگردی کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔