سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا عزم اور ہمت غیر متزلزل ہے ،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،امدادی سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں ،متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کے فنڈز منتقل کر دیئے گئے ہیں،متلقہ حکام کو متاثرین کے انخلاء، آباد کاری ،امدادی اشیاء اور خوراک فراہم کرنے کیلئے جامع ریلیف اینڈ ریکوری پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ، خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات اور صحت شوکت علی یوسفزئی کا سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ پشاور اورچارسدہ اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران متاثرین سے خطاب

ہفتہ 15 جون 2013 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جون۔ 2013ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات اور صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا عزم اور ہمت غیر متزلزل ہے اورہم اس سلسلے میں کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امدادی سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں اور متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کے فنڈز منتقل کر دیئے گئے ہیں۔

اسی طرح متاثرین کے انخلاء، آباد کاری اور انہیں امدادی اشیاء اور خوراک وغیرہ فراہم کرنے کیلئے ایک جامع ریلیف اینڈ ریکوری پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وہ ہفتہ کو سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ پشاور اورچارسدہ اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میاں گجر،اسلام آباد کورونہ، ٹاپو کورونہ، لنڈی داؤدزئی، جالہ بیلااور ترخہ کے ہنگامی دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ عظمت حنیف اورکزئی، ڈپٹی کمشنر پشاور جاوید مروت، ڈائریکٹر اطلاعات بہرہ مند خان ،پی ڈی ایم اے اور دونوں اضلاع کے ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے اس دورے کا مقصد متاثرین کے مسائل و مشکلات سے آگاہی اور سیلاب کے مستقل روک تھام کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس کیلئے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ علاقوں کی جامع سروے کی جائے گی اور ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مشکل کی اس گھٹری میں اپنے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کو وسائل کی فراہمی میں کوئی کوتاہی ہوگی اور نہ کسی کو شکوہ شکایت کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کے انخلاء اور آباد کاری ، انہیں محفوظ مقامات منتقل کرنا اور دیگر امدادی سرگرمیوں کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ایمر جنسی بنیادوں پر نقد رقوم فراہم کی گئی ہیں جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں اورمتاثرین کی جلد بحالی کیلئے وزراء کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کل وقتی بنیادوں پر کام کرے گی اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب کے سلسلے میں حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کم سے کم نقصانات ہوں کیونکہ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کئی گنا زیادہ جانی و مالی نقصانات ہو نے کا اندیشہ ہے ۔أ