صوبائی محکموں میں بدانتظامی کسی صورت برداشت نہیں ، شکایت کنندہ کو ”سر“ کہہ کر مخاطب کیا جائے گا‘ بدانتظامی کے خاتمے کیلئے ایساکلیدی اورمثالی کردار اداکریں گے کہ تمام محکمے اس کی پیروی پر مجبور ہوں گے ‘تمام محکمے محتسب کے آرڈرزپر عملدرآمد کے پابند ہیں لیکن محکمے اس پر عمل نہیں کر رہے‘ آرڈرز پر عملدرآمدسے انکارکاسلسلہ جاری رہاتوکلیدی عہدوں پر براجمان افسروں کو مثالی سزائیں دیں گے،محتسب پنجاب جاوید محمود کا محتسب ادارہ کے افسران سے خطاب

اتوار 16 جون 2013 20:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جون۔ 2013ء) محتسب پنجاب جاوید محمود نے کہا ہے کہ صوبائی محکموں میں بدانتظامی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘محتسب پنجاب کا آفس بدانتظامی کے خاتمے کیلئے ایساکلیدی اورمثالی کردار اداکرے گاکہ تمام محکمے اس کی پیروی پر مجبور ہوں گے‘ محتسب کے تمام دفاتر کو” افسران دوست“ کی بجائے” عوام دوست“ بنا دیا گیاہے ‘محتسب کے دفاترمیں ہر کمرے کا دروازہ عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے اورعوام کو عزت و وقار دینے کیلئے آئندہ محتسب آفس کا سٹاف ہرشکایت کنندہ کو ”سر“ کہہ کر مخاطب کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار محتسب پنجاب نے تمام افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں لاہورکے علاوہ راولپنڈی،سرگودھااورملتان کے ایڈوائزرز،سیکرٹری محتسب پنجاب، رجسٹرار، ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز، پروٹوکول ، ریسرچ، ایڈمن اوراکاوٴنٹس سے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محتسب پنجاب نے کہا کہ قانون کے مطابق تمام صوبائی محکمے محتسب پنجاب کے آرڈرزپر عملدرآمد کے پابند ہیں لیکن صوبائی محکمے محتسب پنجاب کی طرف سے جاری ہونے والے آرڈرز پر عملدرآمد نہیں کر رہے جوکہ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے ایڈوائزرکو ہدایت کی کہ وہ تمام صوبائی محکموں پر واضح کردیں کہ محتسب کے آرڈرزپر عمل درآمد کئے بغیر کوئی چارہ نہیں ۔ محتسب پنجاب جاوید محمودنے کہا کہ محتسب کے آرڈرز پر عملدرآمد سے انکار کا سلسلہ جاری رہا تو کلیدی عہدوں پر براجمان افسروں کوایسی سزا ئیں دیں گے جو دوسرے افسران اورماتحت عملے کیلئے باعث مثال ہو۔انہوں ایڈوائزرز کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف دینے سے متعلق درخواستوں اوربدانتظامی کی شکایات پر جراتمندانہ فیصلے دیں اوریہ بات ذہن نشین کرلیں کہ صوبائی محکموں میں بدانتظامی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ محتسب پنجاب کا آفس بدانتظامی کے خاتمے کیلئے ایساکلیدی اورمثالی کردار اداکرے گاکہ تمام صوبائی محکمے اس کی پیروی پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے ہدایت کہ عمومی نوعیت کے ایسے معاملات جن کا بالآخر فیصلہ متعلقہ محکموں نے کرنا ہو، ان پر اپنا اوردرخواست گذارکاوقت ضائع نہ کریں اور شروع میں ہی متعلقہ محکموں کو بھجوادئیے جائیں لیکن ان پرہونے والی پیش رفت پر نظر رکھی جائے ۔اجلاس میں لاہور کے علاوہ راولپنڈی، سرگودھا اورملتان کے ایڈوائزرز،سیکرٹری محتسب پنجاب عمر رسول، رجسٹرار، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز،پروٹوکول ، ایڈمن ،پی آر،ریسرچ اوراکاوٴنٹس سے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :