صوابی ، کنڈر میں دہشت گردوں کی پولیو ٹیم پر فائرنگ،2 پولیو رضا کار جاں بحق ، ایک سال کے دوران پولیو ٹیموں پر تیسرا حملہ، ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9ہوگئی ، وزیراعظم کی واقعہ کی مذمت، دہشت گردوں کی گرفتاری ، پولیو ٹیموں کو تحفظ دینے کی ہدایت

اتوار 16 جون 2013 20:53

صوابی/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جون۔ 2013ء) صوابی میں ایک سال کے دوران پولیو ٹیموں پر تیسرے حملے میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 پولیو رضاکار ہلاک کردیئے، انتظامیہ کی ایک ہفتہ قبل پولیو ٹیموں کو تحفظ دینے کی یقین دہانی کے بعد ضلع میں دوبارہ پولیو مہم شروع کی گئی تھی، سال کے دوران پولیو ٹیموں پر حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9ہوگئی، وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو مکمل تحقیقات اور ذمہ دار وں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے ۔

اتوار کو پولیس کے مطابق صوابی کے تھانہ ٹوپی کے علاقے کنڈر میں نامعلوم افراد نے پولیو اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیو اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او صوابی میاں سعید بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق ہونے والے رضا کاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہسپتال میں منتقل کردیں۔

ڈی پی او نے میڈیا کو بتایا کہ اس حوالے سے چار مشتبہ افراد کو گرفتارکرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔یادرہے کہ گزشتہ ہفتے ایک جرگے کے بعد یہاں پر پولیو مہم شروع کی گئی تھی ۔اس پہلے بھی صوابی میں پولیو ٹیم پر حملے میں پانچ خواتین سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے پولیو ٹیم پر حملے اور دو رضاکاروں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی بزدلانہ اور غیر انسانی اقدام قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ذمہ دار افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔