بجٹ پنجاب کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا،پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے لئے انقلابی بجٹ پیش کیا، پنجاب حکومت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں جدید میٹرو بس سروس کے منصوبے شروع کرے گی، جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے ،امراء سے حاصل ہونے والے وسائل کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جائیں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کااجلاس سے خطاب

منگل 18 جون 2013 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 18جون 2013ء ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے لئے انقلابی بجٹ پیش کیا، ترقیاتی ویژن کا شاہکار بجٹ پنجاب کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا، پنجاب حکومت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں جدید میٹرو بس سروس کے منصوبے شروع کرے گی، جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،امراء سے حاصل ہونے والے وسائل کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جائیں گے۔

وہ منگل کو اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خان، وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، مشیر عزم الحق، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ سماجی شعبوں کی مربوط ترقی کا روڈ میپ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں جدید میٹرو بس سروس کے منصوبے شروع کرے گی، جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ امراء سے حاصل ہونے والے وسائل کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ 290 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 9 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ۔ہم نے غریب اور کم وسیلہ طبقات پر ایک پائی کا بھی بوجھ نہیں ڈالا گیا بلکہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا ہے۔انہوں نے کہاکہ نئے مالی سال کا بجٹ صوبے کے عوام کے لئے بہتری، خوشحالی، ترقی اور خیر و برکت کا نیا پیغام لے کر آئے گا۔