میلسی ،رکن پنجاب اسمبلی کے ڈیرے پر زہریلا کھانے والے مزید خاتون سمیت5بچے جاں بحق ، ہلاکتوں کی تعداد14 ہو گئی، مزید 5متاثرہ مریض ہسپتالوں میں زیر علاج

منگل 18 جون 2013 22:21

میلسی /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18جون۔ 2013ء) میلسی میں تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی جہانزیب کھچی کے ڈیرے پر زہریلا کھانے والے مزید خاتون سمیت 5بچے جاں بحق ہو گئے، ہلاکتوں کی تعداد14 ہو گئی، مزید 5متاثرہ مریض ہسپتالوں میں زیر علاج۔ تفصیلات کے مطابق 13 جون کو سابق ضلع ناظم اور تحریک انصاف کے رہنما ممتازکھچی اور ان کے بھتیجے رکن صوبائی اسمبلی جہانزیب کھچی کے ڈیرے پر باورچی محمد نواز نے ملازمین کیلئے کھانا بنایا جسے کھانے کے بعد ملازمین اور آئے مہمانوں کی حالت غیر ہو گئی جنہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جہاں اسی روز شعبان اوررانا نامی ملازم ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 ملازمین عرفان ، اللہ دتہ اور نور محمد اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والوں میں باورچی محمد نواز کا بیٹا اللہ دتہ بھی شامل ہے جبکہ زہریلا کھانا کھانے سے متاثرہ دیگر افراد کو تشویشناک ہونے پر وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کردیا گیا ۔ دوسری جانب جمعہ کو بھی مزید 2 متاثرہ افراد بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال میں چل بسے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو گئی تھی ۔

جبکہ منگل کو مزید 5 جاں بحق ہوگئے جن میں صغراں مائی، 5 سالہ مہناز ، 3 سالہ نعمان ، 7 سالہ علی اور 17 سالہ طارق سروسز اسپتال لاہور میں زیرعلاج تھے ، جن کی لاشیں میلسی پہنچادی گئی ہیں ۔ واضح رہے وزیراعلی پنجاب نے ڈی سی او وہاڑی سے رپورٹ طلب کررکھی ہے۔