مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا،مجاہدین کے حملے میں 2بھارتی اہلکار ہلاک،بھارتی فوج نے ساتھی اہلکار سے تعلق کے الزام میں اپنی بیوی کو تیل چھڑک کر زندہ جلا دیا اور خود بھی خودکشی کرلی،ایل او سی پر تعینات بھارتی فوجی افسر دل کا دورہ پڑنے جبکہ ایک اہلکار پہاڑ سے گر کر ہلاک،کٹھوعہ کے علاقے سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد،جموں میں مجاہدین کے کئی ٹھکانے تباہ کرنے اور ایل او سی پر پاکستانی نوجوان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

پیر 5 مارچ 2007 13:04

جموں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2007ء) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ظالمانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا جبکہ مجاہدین کے حملوں میں دو قابض بھارتی فوجی اہلکار مارے گئے،مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجی نے ساتھی اہلکار سے ناجائز تعلق کے شبے میں بیوی کو تیل چھڑک کر زندہ جلا دیا اور اس کے بعد خود بھی خودکشی کرلی ادھر ایل او سی سے ملحقہ علاقہ میں تعینات بھارتی فوجی افسر دل کا دورہ پڑنے جبکہ ایک اہلکار پہاڑ سے گر کر ہلاک ہوگیا جبکہ کٹھوعہ کے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا تھا ادھر بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران مجاہدین کے کئی ٹھکانے تباہ کرکے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرنے جبکہ کنٹرول لائن پر غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے پاکستانی شہری کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں اور مختلف مقامات پر تین نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا ضلع ڈوڈا میں بھارتی فوج نے ایک کشمیری شہری کو اس وقت گولی کا نشانہ بنایا جب وہ غلطی سے بغیر تلاشی کے چیک پوائنٹ کراس کررہا تھا ادھر ترال کے علاقے میں ایک سرچ آپریشن کے دوران قابض اہلکاروں نے فرضی جھڑپ کے بہانے دو کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا فائرنگ سے ایک خاتون بھی زخمی ہوگئی۔

سرچ آپریشن کے دوران بھارتی اہلکاروں پوری بستی کا محاصرہ کئے رکھا اور وہاں سے سخت سردی میں تمام مردوں کو نکال کر گھروں میں گھس گئے اور خواتین کی بے حرمتی کی بھارتی فوج کی اس کارروائی پر علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران کئی بے گناہ شہریوں کو گرفتار کیا گیا ادھر سرینگر کے ایک نواحی علاقے میں مجاہدین نے بھارتی فوجی قافلے پر گرنیڈوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جبکہ ان کی گاڑی مکمل طو رپر تباہ ہوگئی واقعے کے بعد بھارتی فوج نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تاہم مجاہدین علاقے سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے ادھر ضلع ڈوڈا کی تحصیل بدروا میں تعینات ایک بھارتی فوجی نے ساتھی اہلکار سے ناجائز تعلقات کے شبے میں اپنی بیوی پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ شدید جھلس کر ہسپتال میں دم توڑ گئی واقعے کے بعد اہلکار نے خود کو بھی موت کے گھاٹ اتار لیا ادھر ضلع راجوری میں ایل او سی سے ملحقہ علاقے میں ایک بھارتی فوجی افسر دل کا دورہ پڑنے جبکہ ایک اہلکار معمول کے گشت کے دوران پہاڑ سے گر کر ہلاک ہوگیا رشی کے علاقے میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے سینے پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا بھارتی فوج کے مطابق واقعہ باہمی دشمنی کا شاخسانہ ہے جبکہ علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ اسے بھارتی ایجنٹوں نے گولی مار کر قتل کردیا ہے ادھر بھارتی فجو نے جموں کے علاقے میں ایک سرچ آپریشن کے دوران مجاہدین کے کئی ٹھکانے تباہ کرنے اور اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرنے جبکہ ایل او سی پر غیر قانونی طور پر اسلحہ سمیت داخل ہونے والے پاکستانی نوجوان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے نوجوان کا نام ظفر احمد اور تعلق ضلع سیالکوٹ سے ظاہر کیا گیا ہے۔