کم ازکم وقت میں پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ،وزیراعظم کی ہدایت،حکومت کسی بچے کو پولیو سے معذور نہیں ہونے دے گی ،اجلاس سے خطاب

پیر 5 مارچ 2007 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ کم ازکم وقت میں پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔حکومت کسی بچے کو پولیو سے معذور نہیں ہونے دے گی ۔پیر کی سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں وزارت صحت کے پولیو کے خاتمے کے پروگرام پر غور کیلئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ چند سال پہلے پاکستان میں ہر سال ہزاروں بچے پولیو کا شکار ہوتے تھے جنکی تعداد کم ہو کر گزشتہ سال صرف چالیس رہ گئی ہے تاہم پولیو کو ایک کیس بھی ہمارے لیے بہت زیادہ ہے اور قابل قبول نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ علماء اور مقامی ائمہ مساجد کا تعاون حاصل کیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو پولیو ویکسین حاصل کرنے پر تیار کیا جائے ۔

(جاری ہے)

صحت کے حکام اس بیماری کا ایک کیس بھی برداشت نہ کریں عوام کو خصوصاً قبائلی علاقوں میں لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور ان علاقوں میں لوگوں کی ذہن سازی پر توجہ دی جائے ۔پیغام رسانی کیلئے ریڈیو موثر ذریعہ ہو سکتا ہے ۔

شوکت عزیز نے کہاکہ حکومت پولیو کے خاتمے کی کامیابی کاعزم کیے ہوئے ہیں وزیرصحت نصیر خان نے بتایاکہ ہر سال 95فیصد سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جاتی ہے اورپاکستان کا 85فیصد رقبہ پولیو سے پاک ہوچکا ہے ۔پنجاب میں جولائی2006ء سے اب تک پولیو کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا جبکہ رواں سال کے دوران ملک کے دیگرعلاقوں میں چار کیس سامنے آئے ہیں سیکرٹری صحت سیدانور محمود نے کہاکہ وزارت صحت موثر ویکسین استعمال کررہی ہے تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کوکم سے کم کیا جاسکے ۔

قبل ازیں قومی پروگرام کے بارے میں اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں اگرچہ پولیو موجود ہے لیکن خاتمے کے قریب ہے ۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل صحت اور سینئر حکام موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :