برطانوی پولیس کا عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ میں مقیم اہم پاکستانی شخصیت سے پوچھ گچھ کا فیصلہ، اہم شخصیت کی صحت ٹھیک نہ ہونے سے معاملات تاخیر کا شکار ،تحقیقات کا دائرہ جنوبی افریقہ، کینیڈا کے بعد پاکستان تک بڑھا دیا گیا

منگل 25 جون 2013 13:44

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 25جون 2013ء ) برطانوی پولیس نے عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ میں مقیم اہم پاکستانی شخصیت سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اہم شخصیت کی صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے معاملات تاخیر کا شکار ہیں، تحقیقات کا دائرہ جنوبی افریقہ، کینیڈا کے بعد پاکستان تک بڑھا دیا گیا ۔منگل کو لندن پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں سیاسی محرکات ہیں۔

ڈاکٹرعمران فاروق کے بھاری رقوم کی برطانیہ منتقلی پر اپنے دوستوں سے اختلافات تھے۔ پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ اہم پاکستانی شخصیت سے معلومات حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بند ی کی جا رہی ہے۔ کیس میں ایک پاکستانی نژاد شخصیت کی گرفتاری کے بعد اس اہم شخصیت سے پوچھ گچھ جلد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ کیس میں پاکستان کی اہم شخصیت کا قریبی عزیز ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت بھی ملے ہیں۔

اسی عزیز کے گھر پر پولیس نے گزشتہ ہفتے چھاپہ مار کر 55 گھنٹے تک تلاشی لی تھی۔ ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار ہونے والے 52 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شخص سے تفتیش کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ گرفتار شخص کے موبائل فون سے پاکستان اور برطانیہ کے نمبر وں پر ہونے والی کالز کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ برطانوی پولیس نے پاکستانی نژاد 5 افراد کے برطانیہ چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے اور ان کی کڑی نگرانی کی جار ہی ہے۔

چند گھنٹوں میں مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔ پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ برطانوی پولیس نے قتل کیس میں تحقیقات کا دائرہ جنوبی افریقہ، کینیڈا اور پاکستان تک بڑھا دیا ہے۔ پانچ افراد کے برطانیہ چھوڑنے پر پابندی لگا دی گئی۔ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔