خیبرایجنسی، باڑہ میں لشکر اسلام نے نسوارلینے اور بیچنے پر پابندی عائد کردی ، نسوار کھانا اور سگریٹ نوشی کرنا غیراسلامی اور غیرشرعی فعل ہے،شریعت کی رو سے حرام ہے، کوئی شخص نسوار کھانے یا اس کی خریدو فروخت میں ملوث پایا گیا اسے پانچ پانچ کوڑے سزا دی جائے گی،منگل باغ

جمعرات 27 جون 2013 14:43

پشاور/خیبرایجنسی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 27جون 2013ء ) خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں کالعدم تنظیم لشکر اسلام نے نسوارلینے اور بیچنے پر پابندی عائد کردی ۔ برطانوی نیوزویب سائیٹ کے مطابق پابندی کا اعلان لشکر اسلام کے امیر منگل باغ نے کیا۔انہوں نے کہا کہ نسوار کھانا اور سگریٹ نوشی کرنا غیراسلامی اور غیرشرعی فعل ہے اور شریعت کی رو سے حرام ہے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے تحصیل باڑہ کے تمام قبائل سے کہا کہ یکم رمضان سے نسوار اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال پر پابندی ہوگی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پابندی کے بعد کوئی شخص نسوار کھانے یا اس کی خریدو فروخت میں ملوث پایا گیا اسے پانچ پانچ کوڑے سزا دی جائے گی۔علاوہ ازیں انہوں نے خواتین کے پہاڑی علاقوں سے لکڑیاں اور گھاس وغیرہ لانے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

متعلقہ عنوان :