وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی بڈھ بیر دھماکے کی مذمت،جانی نقصان پر افسوس کا اظہار،محکمہ صحت کو زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم،جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کا اعلان

اتوار 30 جون 2013 22:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30جون۔2013ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بڈھ بیرمیں سکیورٹی کے قافلے کے قریب کاربم دھماکے کی مذمت کی ہے اوراس کے نتیجے میں بڑی تعدادمیں جانی نقصان پردکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔انہوں نے اپنے بیان میں انتظامیہ اورمحکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس افسوسناک واقعے کے زخمیوں کے بہترین علاج پربھرپورتوجہ دی جائے ۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکرتے ہوئے یقین دلایاکہ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء اورشدیدزخمیوں کی مالی مددکی جائے گی ۔حکومت اس مشکل گھڑی میں غمزدہ اورسوگوارخاندانوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے جاں بحق ہونے والے افرادکے درجات کی بلندی ،لواحقین کیلئے صبرواستقامت اورزخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئے دعاکی۔

(جاری ہے)

پرویزخٹک نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ اورمعصوم لوگ لقمہ اجل بن رہے ہیں۔اس خطے کے لوگوں پرمسلط کردہ جنگ خیبرپختونخواکی ترقی اورعوام کی خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات میں مضمرہے تاہم انہوں نے ایک بارپھروفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکی باہمی مشاورت سے قومی پالیسی وضع کی جائے تاکہ اس تباہی اوربربادی کا مل جل کرسد باب کیاجائے