صدر سردار یعقوب اور وزیر سماجی بہبود فرزانہ یعقوب کی مجاہد منزل میں سابق صدر اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم سے ملاقات ، صحت کاملہ اور عاجلہ کیلئے دعا کی ‘مسئلہ کشمیر آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال

منگل 2 جولائی 2013 17:13

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 2جولائی 2013ء ) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان اور وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں محترمہ فرزانہ یعقوب نے گزشتہ روز مجاہد منزل جا کر بزرگ سیاستدان رہنما سابق صدر اور وزیراعظم سردار محمد عبدالقیوم خان سے ملاقات کی ۔ اور ان کی عیادت کی ۔ انہوں نے بزرگ رہنما کی صحت کاملہ اور عاجلہ کے لیے دعا کی ۔

دونوں رہنماوں نے سردار محمد عبدالقیوم سے مسئلہ کشمیر آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق بھی موجود تھے بعد ازاں سردار محمد یعقوب اور فرزانہ یعقوب نے کھنہ ہائس جا کر بزرگ رہنما سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔

(جاری ہے)

دونوں رہنما کچھ دیر سردار سکندر حیات کے ہمراہ رہے ۔ اس موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر بھی موجود تھے ۔ جن کے ساتھ صدر آزاد کشمیر نے مجموعی ملکی سیاسی صورتحال آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن کے مثبت کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بعد ازاں صدر سردار محمد یعقوب خان نے سابق صدر جنرل (ر) سردار محمد انور خان اور وزیر حکومت سردار اختر ربانی کے گھروں میں جا کر ان کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔