محکمہ صحت کے تمام تر اقدامات کے باوجود خسرہ کے مرض پر قابو نہ پایا جا سکا،تین سالہ بچی موت کے منہ میں چلی گئی

جمعرات 4 جولائی 2013 20:54

لاہور/بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4جولائی۔ 2013ء) محکمہ صحت کے تمام تر اقدامات کے باوجود خسرہ کے مرض پر قابو نہ پایا جا سکا ، بہاولپورمیں خسرہ سے متاثرہ تین سالہ بچی دوران علاج دم توڑ گئی جس سے صوبے میں ہونیوالی اموات کی تعداد 194تک پہنچ گئی ہے ‘ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 163نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ بہاولپور وکٹوریا ہسپتال میں خسرے کے مرض میں مبتلا تین سالہ فاطمہ دوران علاج دم تور گئی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان بہاولپور ، مظفرگڑھ، راجن پور، بھکر اور وہاڑی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں مزید 163بچوں میں خسرے کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ صوبے میں متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد21ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔علاوہ ازیں محکمہ صحت کی جانب سے خسرہ کیخلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کا 12اضلاع میں اختتام ہو گیا جبکہ چھ اضلاع میں یہ مہم 7جولائی تک جاری رہے گی۔