12 اضلاع میں انسداد خسرہ مہم کا پہلا مرحلہ( کل) اختتام پذیر ہو گا‘دوسرے مرحلہ کے 6 اضلاع میں مہم7 جولائی تک جاری رہے گی،انسداد خسرہ مہم کا تیسرا مرحلہ 5 اضلاع میں 8 جولائی سے شروع ہو گا‘بارشوں کے ساتھ ڈینگی کی افزائش ، تمام محکموں کو زیادہ محنت وکوآرڈینیشن کے ساتھ اقدامات کرنا ہونگے‘محکمہ ماحولیات موت بانٹنے والی فیکٹریوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کرے‘وزیر صحت خلیل طاہر سندھو

جمعرات 4 جولائی 2013 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4جولائی۔ 2013ء) وزیر صحت پنجاب خلیل طاہر سندھو نے محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ لاہور کے مضافات میں قائم غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف فوری طور پر گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے جو ہسپتالوں کا ویسٹ ری سائیکلنگ کرکے موت بانٹ رہی ہیں‘ہاسپیٹل ویسٹ انتہائی خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا باعث بنتا ہے اور ایسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں ڈینگی اور خسرہ کی روک تھام کے سلسلہ مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت حسن اقبال سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں،سینئر افسران، کمشنر اور ڈی سی او لاہور،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، لاہور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ وزیراعلی پنجاب کے سابق معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ جنگلات وماہی پروری،ماحولیات ،کوآپریٹو،سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ،محکمہ خوراک، لیبر،آبپاشی،پی اینڈ ڈی،محکمہ اطلاعات وثقافت، کمشنر لاہور،ڈی سی او لاہور،ایم ڈی واسا، ریسکیو1122 ، کے ڈی جی نے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں اپنے اپنے محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں عوامی نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیماریوں کے خلاف مہمات میں عوامی نمائندوں کو شریک کیا جائے اور کمیٹیوں میں سرکاری افسران کے ساتھ انہیں بھی زیادہ سے زیادہ شرکت کا موقع دیا جائے تاکہ وہ لوگوں کی خدمت کر سکیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں کابینہ کمیٹی کی سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن کی سربراہی مقامی منتخب نمائندے کریں گے۔ کابینہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس فیصل آباد میں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ خسرہ کے خلاف اقدامات کے نتیجہ میں خسرہ کی وبا کا گراف نیچے کی طرف آ رہا ہے اور پہلے کے مقابلے میں کیس کم رپورٹ ہورہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ12 اضلاع میں انسداد خسرہ مہم کا پہلا مرحلہ 4 جولائی کو ختم ہو جائے گا جبکہ بعد میں شامل کئے گئے 6 اضلاع میں یہ مرحلہ 7 جولائی تک جاری رہے گا جبکہ مزید 5 اضلاع میں8 جولائی سے انسداد خسرہ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے سیکرٹری صحت نے بتایا کہ تمام ہسپتالوں میں بیماری کی تشخیص وعلاج کے انتظامات مکمل ہیں اور آئسولیشن وارڈز اور HDUs قائم کر دئیے گئے ہیں۔

چیف انٹامالوجسٹ ڈاکٹر وسیم اکرم نے بتایا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا موسم شروع ہو گیاہے ۔وزیر صحت نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام محکمے پہلے سے زیادہ محنت اور کوارڈینیشن کے ساتھ مربوط اقدامات کریں تاکہ ڈینگی کا مرض کنٹرول میں رہے۔ وائس چانسلر KEMUنے کہا کہ ڈینگی پر کنٹرول کے لئے اس پر تحقیق وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اس مرض کی روک تھام کے ساتھ ڈینگی کے مریضوں کا عالج بھی بہتر طریقہ سے ہو سکے۔ وزیر صحت خلیل طاہر سندھو نے ہدایت کی کہ تمام ہیلتھ کمیٹیوں میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ صحت کا پیغام عوامی نمائندوں کے ذریعے عوام تک زیادہ بہتر انداز میں پہنچ سکے۔ انہوں نے ڈینگی کے حوالے سے محکمموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :