دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے صرف حکومت ہی نہیں، معاشرے کے ہر طبقے کی ذمہ داری اور کردار ہے، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی وفدسے گفتگو

جمعرات 4 جولائی 2013 20:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4جولائی۔ 2013ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے صرف حکومت ہی نہیں، معاشرے کے ہر طبقے کی ذمہ داری اور کردار ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مشترکہ کوششوں سے اس ضمن میں کامیابی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی کی قیادت میں آئے ہوئے علماء کرام کے وفد سے گفتگو میں کیا۔

وفد میں مولانا تنویر الحق تھانوی، ڈاکٹر عبدالرشید، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، محمد صدیق راٹھور اور ڈاکٹر حسن رضوی بھی شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں قیام امن کے لئے علماء کرام کا کردار مثالی رہا ہے۔ ہر کڑے وقت میں علماء کرام نے حکومت کا ساتھ دیا جس سے حکومتی اقدامات کو تقویت ملی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں صوبے اور کراچی میں امن وامان کی فضاء خراب کرکے ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ملک دشمن ایجنڈے پر کار فرما مخصوص ذہنیت کے حامل مٹھی بھر ان عناصر کو کچلنے کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عالمی جنگ میں پاکستان کا کردار فرنٹ لائن اسٹیٹ کا ہے جس کے باعث سب سے زیادہ نقصان بھی اٹھانا پڑرہا ہے دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے حکومت پاکستان تنہا اپنا کردار ادا کررہی ہے آج دہشت گرد پورے ملک میں پھیل چکے ہیں ان حالات میں پوری قوم کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا اور ان دہشت گردوں کی نشاندہی کرنی ہوگی جو پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے اور کراچی میں اہم ایام میں یہ دہشت گرد زیادہ سرگرم ہوجاتے ہیں اور معصوم جانوں کا ضیاع کرکے اسے فرقہ وارانہ اور لسانی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن علماء کرام ے کردار نے ان دہشت گردوں کو کبھی بھی ان مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ اس موقع پر علماء کرام نے دہشت گردی کے تمام واقعات کی مذمت کی اور واضح کیا کہ دہشت گردوں کا مذہب، مساجد اور مدارس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے پکڑنے جانے والے تمام دہشت گردوں کو قرار واقعی سزاد لوانے کا مطالبہ بھی کیا۔ علماء کرام نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کامیاب ترین گورنر ہیں جنہوں نے ہمیشہ دانشمندی اور بردباری سے معاملات کو حل کیا اور غیرجانبدار کردار رکھا۔