جماعةالدعوة کا قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف یوم احتجاج ، مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ،جلسوں،کانفرنسوں و اجتماعی خطبات جمعہ کا اہتمام ، مذمتی قراردادیں منظور ،مریکہ اور اس کے اتحادیوں کیخلاف شدید نعرے ،پاکستانی حدود میں گھسنے والے امریکی ڈرون طیارے مار گرائے جائیں، بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت پر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے ،ڈرون حملوں کے مسئلہ پر 18کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی جائے، امریکہ کو پاکستان پر ڈرون حملوں کی اجازت دے کر وطن عزیز سے غداری کرنے والوں کے نام سامنے لائے جائیں، چیف جسٹس کرپشن میں ملوث افراد کے نام سامنے آنے پر سوموٹو ایکشن لیں ،ہم اس مسئلے کو نہیں چھوڑیں گے، ملک بھر میں ڈرون حملوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی، امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ سعید،سابق سیکرٹری لاہور بارعبدالطیف سراء اور دیگر کا احتجاجی مظاہروں سے خطاب

جمعہ 5 جولائی 2013 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5جولائی۔ 2013ء) جماعةالدعوة پاکستان کی اپیل پرقبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت ملک بھر کے مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور جلسوں،کانفرنسوں و اجتماعی خطبات جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ حافظ محمد سعید کی اپیل پر علماء کرام،آئمہ حضرات اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور عوام الناس کو نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ جماعةالدعوة کی طرف سے چوبرجی چوک میں کیا گیاجس میں طلباء، وکلاء، تاجروں اوسول سوسائٹی سمیت تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز ، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرپاکستانی حدود میں گھسنے والے ڈرون طیارے مار گرائے جائیں، بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت پر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے اورڈرون حملوں کے مسئلہ پر 18کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی جائے، جیسی تحریریں درج تھیں۔

احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید،سابق سیکرٹری لاہور بارعبدالطیف سراء،انجمن تاجران کے رہنماطارق گجر، واپڈا پیام یونین کے صدر ایس ڈی ثاقب ، مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی، ڈاکٹر ناصر ہمدانی، عبدالغفورڈوگر ودیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرہ کے دوران امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکہ کو پاکستان پر ڈرون حملوں کی اجازت دے کر وطن عزیز سے غداری کرنے والوں کے نام سامنے لائے جائیں، چیف جسٹس اگر کرپشن کرنے والوں کے نام سامنے لاتے ہیں تو اس پر بھی سوموٹو ایکشن ہو نا چاہئے،ہم اس مسئلے کو نہیں چھوڑیں گے، ملک بھر میں ڈرون حملوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی،اب فیصلے کرنے کا وقت ہے صرف لوگوں کے جذبات ٹھنڈے کرنے سے قوم مطمئن نہیں ہو گی۔

حکومت کا کام اے پی سی میں صرف باتیں کرنا نہیں بلکہ فیصلے کر کے ان پر عملدرآمدکروانا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں کا معاملہ انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ اب سیاست کرنے کا وقت نہیں نواز شریف جراتمندانہ فیصلے کریں گے تو پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہو گی اور اگر انہوں نے مشرف ا ور زرداری والے رویے اختیار کئے توقوم ان کا ساتھ نہیں دے گی۔ نواز شریف کے سامنے سب سے بڑا چیلنج امریکی پالیساں ہیں۔

اگر ڈرون حملے روک لئے جاتے ہیں تو کل کے لئے پاکستان پر منڈلانے والے خطرات کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستانی قوم کو چیک کر رہا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری کہہ چکا ہے کہ انڈیا کو افغانستان میں بہت بڑا کردار دیا جا رہا ہے۔افغانستان میں امن و امان کے بہانے انڈیا کی فوج تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس سے پاکستان کے مغربی بارڈر کو شدید خطرات لا حق ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایئر چیف کو ڈرون گرانے کا حکم دے۔ ڈرون حملوں کے بعد خود کش حملوں کی لہر آ جاتی ہے،یہ حملے اس لئے کئے جاتے ہیں تا کہ فاٹا کے لوگ پاکستان کے علاقوں میں جا کر خود کش حملے کریں،انہوں نے کہا کہ بلوچستان،خیبر پختونخواہ،کراچی میں ہونے والے بم دھماکوں اورٹارگٹ کلنگ میں امریکہ ،انڈیا ،اسرائیل کی ایجنسیاں ملوث ہیں،طے شدہ منصوبوں کے تحت حالات خراب کئے جا رہے ہیں ۔

قبل ازیں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ڈرون حملوں کے ذریعہ پاکستان پر جنگ مسلط کررکھی ہے۔ نواز شریف عالم اسلام کی قیادت کو اسلام آباد میں جمع کر کے عالمی صیہونی سازشوں سے آگاہ کریں اور عالمی سطح پر اسلامی ممالک کا زبر دست اتحاد بنایا جائے،مصر میں جو کچھ ہوا امریکہ اسرائیل کی سازش کے نتیجے میں ہوا ۔امریکہ،اسرائیل نہیں چاہتے کہ اسلام کے چاہنے والے اقتدار میں آئیں،امریکہ کسی جمہوریت کا قائل نہیں وہ اسلام دشمنی میں غلط فیصلے کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اندرونی اتحاد اور عالم اسلام کا اتحاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چین کے ساتھ معاہدے خوش آئند ہیں، آئی ایم ایف کے تسلط سے نکلنا ہو گا۔پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف نے ہی تبا ہ کیا ہے،چین کے ساتھ معاہدوں کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کو ساتھ کھڑا کیا جائے۔سابق سیکرٹری لاہور بار چوہدری عبداللطیف سراء نے کہا کہ مشرف نے امریکہ کی ہاں میں ہاں ملائی تھی مگر پاکستان کے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے گئے۔

اب نواز شریف کو امریکہ کے سامنے جھکنے کی بجائے ڈرون گرانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کوقوم مشرف کا تسلسل کہتی تھی اب بھی اگر جراتمندانہ فیصلے نہ کئے گئے تو قوم نواز حکومت کو بھی مشرف کا تسلسل ہی کہے گی۔واپڈا پیام یونین کے صدر ایس ڈی ثاقب نے کہا کہ حکومت بزدلانہ پالیسیاں ترک کرے اور ڈرون حملے گرانے کا حکم دے،ایئر چیف نے اعلان کیا تھا کہ اگر حکومت اجازت دے تو ڈرون گرائے جا سکتے ہیں اب حکومت کی اس معاملہ میں دیر نہیں کرنی ہو گی۔

انجمن تاجران کے رہنما طارق گجر نے کہا کہ ڈرون حملے بند ہونے چاہیں حکومت کو سرحد پر فوج لگانی چاہئے تا کہ ڈرون گرائے جا سکیں،ڈرون حملوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر حافظ محمد سعیدکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ تاجر برادری انکا بھر پور ساتھ دے گی۔امیر جماعةالدعوة لاہور لانا ابو الہاشم،مولانا محمد ادریس فاروقی، ڈاکٹر ناصر ہمدانی، عبدالغفورڈوگر ودیگر نے کہا کہ آج ہم ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے صرف یکجہتی اور اظہار تعزیت نہیں کر رہے بلکہ انہیں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ خو ن کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

اسلام آباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابقجماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ کی شکست کے بعدکرہ ارض پراسلام کی حکمرانی قائم ہو گی،اگر ڈرون حملے رکوانے کے لئے عملی اقدامات کئے گئے توامریکہ کے انخلاء کے وقت مشرق وسطیٰ اور خلیج میں رکنے کے لئے کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملہ ہیں۔ تحریک حرمت رسول پاکستان کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے صفدر آباد میں ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے واضح طور پر ڈرون حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے چکے ہیں اس کے باوجود امریکہ کا پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعہ بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔

پاکستانی حدود میں گھسنے والے ڈرون گرانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔جماعة الدعوة پاکستان کی اپیل پر ملتان وجنوبی پنجاب میں بھی یوم احتجاج منایاگیا۔خطبات جمعہ کے موقع پر علماء کرام،خطباء حضرات نے ڈرون حملوں کو ملکی سا لمیت پرحملہ قراردیا جبکہ اس موقع پر مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں ۔جماعة الدعوة کی اپیل پرکئی مقامات پرمساجدکے باہرپرامن علامتی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ملتان میں جماعة الدعوة کے زیرانتظام نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے تحریک حرمت رسول کے سیکرٹری جنرل قاری محمدیعقوب شیخ ،مفتی عبدالرحمن عابد،ضلعی امیر جماعة الدعوة میاں سہیل احمد،تحریک حرمت رسول کے کوآرڈینٹرعبدالرحمن سیاف، مولاناعبدالحلیم خان ،عمران مانی،حامدسلفی ،غازی ابوطارق، محمدارشد، مفتی زبیراحمد،ثناء اللہ ثاقب ودیگرکا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملے پاکستانی سا لمیت پرحملے ہیں،جس میں نا صرف پاکستانی سرحدوں کی پامالی کی جا رہی ہے بلکہ بے گناہ پاکستانی شہریوں کا قتل عام بھی کیا جا رہا ہے ۔

جماعةالدعوة کی جانب سے گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، کوئٹہ، پشاور، مظفرا ٓباد اور دیگر شہروں و علاقوں میں بھی نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا اور جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ جماعةالدعوة کے رہنماؤں حافظ سیف اللہ منصور، مولانا سیف اللہ خالد، مولانا محمد شمشاد احمد سلفی، انجینئر نوید قمر، حافظ عبدالرؤف، مولانا بشیر احمد خاکی، مولانا غلام قادر سبحانی، قاری گلزار احمد و دیگر نے جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعی خطبات جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کے قتل عام کیلئے ہندو، صلیبی و یہودی سب ایک ہیں۔