صوبائی و اضلاع کے اخراجات کے بجٹ کا 26.6فیصد تعلیم ، 10.9فیصد صحت پر خرچ کئے جائیں گے ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 9 جولائی 2013 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9جولائی۔ 2013ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ2013-14کے بجٹ میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو ترجیح دی گئی ہے اور صوبائی و اضلاع کے اخراجات کے بجٹ کا 26.6فیصد تعلیم اور 10.9فیصد صحت پر خرچ کئے جائیں گے ‘ کوئی ایسا ٹیکس نہیں لگایا گیا جو غریب اور متوسط طبقے کو متاثر کرے اور متمول طبقے پر ٹیکس لگایا گیا ہے ۔

مختلف وفود کو بجٹ میں عوامی فلاح وبہبود وصحت کی سہولتوں بارے آگاہ کرتے ہوئے مجتبیٰ شجا ع الرحمن نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 102ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جو کل بجٹ کا 10.9فیصد ہے -صوبائی وزیر نے کہا کہ بے وسیلہ عوام کو صحت عامہ اور علاج معالجہ کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کے لئے بجٹ میں 4 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں مجتبیٰ شجا ع الرحمن نے کہا کہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقراررکھتے ہوئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں‘ ہیپا ٹائٹس اور تپ دق جیسے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے 2 ارب 10 کروڑ مختص کئے گئے ہیں اور زچہ بچہ کے لئے طبی سہولیات کی فراہمی کا مربوط پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جس پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی - انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترقیاتی پروگراموں پر 17 ارب روپے خرچ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :