سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو ڈاکٹرز نے صحت یاب قرار دیدیا ، دبئی میں فائیو سٹار ہوٹل جیسا کھانا دیا جاتا تھا یہاں بھی ایسا کھانا دیا جائے ، توقیر صادق کا نیب حکام سے مطالبہ ، کک کی سہولت موجود ہے اپنی مرضی کے مطابق کھانا پکوا کر کھا سکتے ہیں، نیب حکام کا جواب

بدھ 10 جولائی 2013 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 10جولائی 2013ء) اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کو ڈاکٹرز نے مکمل طور پر صحت یاب قرار دیدیا ہے جبکہ نیب حکام نے ان کی مرضی کے مطابق انہیں ریمانڈ کے دوران کھانا اور ناشتہ فراہم کیا‘ توقیر صادق نے نیب حکام سے کہا کہ دبئی میں انہیں فائیو سٹار ہوٹل کی طرز پر کھانا دیا جاتا تھا یہاں ایسا کھانا کیوں نہیں دیا جاسکتا جس پر نیب حکام نے ملزم سے کہا کہ کک کی سہولت موجود ہے اپنی مرضی کے مطابق کھانا پکوا کر کھا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 82 ارب کی کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق جسے گزشتہ روز نیب نے دبئی سے گرفتار کرکے احتساب عدالت سے 14 روزہ ریمانڈ حاصل کیا ہے کو ایئرپورٹ سے سیدھا نیب راولپنڈی اسلام آباد کے دفتر میں لایا گیا تھا اور اسے ناشتہ کرانے کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ناشتہ میں تو ملزم کو چائے انڈا اور ڈبل روٹی دی گئی دریں اثناء ذرائع کے مطابق پولی کلینک ہسپتال کے ڈاکٹرز نے گزشتہ رات توقیر صادق کا طبی معائنہ کیا ان کا بلڈ پریشر چیک کیا جو معمول کے مطابق تھا ڈاکٹرز کی ٹیم نے توقیر صادق کو صحت یاب ڈیکلیئر کیا اور کہا کہ نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے تھکاوٹ محسوس کررہے تھے ذرائع کے مطابق توقیر صادق نے تفتیشی افسران کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور آئندہ چند روز میں اہم انکشافات متوقع ہیں جبکہ ملزم کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں پر توقیر صادق نے اپنی خواہش کے مطابق سبزی پکوا کر کھائی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق توقیر صادق نے اس موقع پر نیب اہلکاروں کو بتایا کہ دبئی کی جیل میں انہیں ٹرالی میں رکھ کر کھانا دیا جاتا تھا جس میں چکن‘ دال چاول ‘ سلاد اور فروٹ بھی شامل ہوتا تھا یہاں پر یہ سہولتیں کیوں نہیں دی جارہی ہیں جس پر نیب اہلکاروں نے کہا کہ تفتیش کے دوران دبئی جیل جیسی سہولتیں نہیں دی جاسکتیں جس پر توقیر صادق نے کہا کہ کک کو ہدایات دی جائیں کہ وہ جو چیز پکوانا چاہیں وہ پکا کر دیدے۔ ذرائع کے مطابق توقیر صادق نے کہا کہ دبئی کی جیل میں بستر کے علاوہ ایک آرام دہ گدا بھی فراہم کیا جاتا تھا دبئی کی جیل بہت اچھی تھی۔