سابق اوگرا چیئرمین توقیر صادق کو دبئی سے پاکستان لانے کیلئے نیب کو 40 لاکھ روپے خرچ کرنا پڑے، پاکستان لانے کے اخراجات سابق چیئرمین نیب فصیح بخاری سے وصول کئے جانے کا امکان

بدھ 10 جولائی 2013 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 10جولائی 2013ء) 82 ارب کی کرپشن کے سکینڈل میں ملوث اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کو دبئی سے پاکستان لانے کیلئے نیب کو 40 لاکھ روپے خرچ کرنا پڑے ہیں اور یہ اخراجات سابق چیئرمین نیب فصیح بخاری سے وصول کئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق توقیر صادق کی پاکستان سے گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے سے سابق چیئرمین نے انکار کردیا تھا اور گرفتاری کی اجازت دینے کے لئے نیب حکام کی بھجوائی گئی درخواست کو پھاڑ دیا تھا جس کی وجہ سے توقیر صادق سابق حکومت کی اہم شخصیات کی مدد اور تعاون سے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان لانے کا حکم دیا تھا سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے نیب سے تعاون نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے گرفتاری میں تاخیر ہوئی ذرائع کے مطابق دبئی میں نیب افسران کو بھجوانے اور وہاں ان کے قیام اور سفری اخراجات پر 40 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں جن کی تفصیلات جلد سپریم کورٹ میں جمع کرادی جائیں گی اور اب رقم سابق چیئرمین نیب فصیح بخاری سے وصول کئے جانے کا امکان ہے۔