رواں سال سرکاری ہسپتالوں میں 7ارب 53 کروڑ روپے کی مفت ادویات مریضوں کو فراہم کی جائینگی‘ خلیل سندھو

بدھ 10 جولائی 2013 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10جولائی۔ 2013ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت صوبے کے عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے صحت کے شعبہ پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے 7 ارب 53 کروڑ روپے سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے -یہ بات صوبائی وزیر صحت خلیل طاہر سندھو نے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں سیکرٹری صحت حسن اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ڈویلپمنٹ )عثمان علی خان،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)ڈاکٹر انور جنجوعہ اور دیگر افسران نے شرکت کی- صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے صحت کے شعبہ میں خدمات کی فراہمی کیلئے گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد بجٹ اضافی فرہم کیا ہے اور ادویات کی مفت فراہمی کے لئے گزشتہ سال کی نسبت تقریباً ایک ارب روپے سے زائد اضافی رقم فراہم کی ہے تاہم سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملنے والے فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنائے اور مفت علاج کی شکل میں غریبوں کا حق ان تک پہنچائے- خلیل طاہر سندھو نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات خصوصاً غریب مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے سخت مانیٹرنگ کا نظام وضع کرے تا کہ ہر قسم کی pilfrige کا خاتمہ کیا جا سکے -اس موقع پر سیکرٹری صحت حسن اقبال نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ سرکاری ہسپتالوں میں ہاؤس آفیسرز کے 2897 آسامیاں پیدا کی ہیں جو گورنمنٹ کے زیر انتظام چلنے والے میڈیکل کالجوں سے پاس ہونے والے طلباء کے برابر ہیں تا کہ کسی بھی ڈاکٹر کو اعزازی ہاؤس جاب نہ کرنا پڑے-اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبہ کو اربوں روپے کی فراہمی اور ڈاکٹرز کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی کے بہتر مواقعوں کی فراہمی کا بنیادی مقصد ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو بہتر بناکر صوبے کے عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناناہے جس کے لئے محکمہ صحت، ہسپتالوں کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کمیونٹی کو باہمی اشتراک سے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی-

متعلقہ عنوان :