چیئرمین سینٹ نیئر بخاری سے سیکیورٹی واپس لینے کے مسئلے پر وزیر داخلہ کا سینٹ سیکرٹریٹ کے خط کا جواب دینے سے انکار سینٹ حکام کے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود وزارت داخلہ کے حکام خاموش ، چیئرمین سینٹ کا معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ

جمعرات 11 جولائی 2013 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11جولائی۔ 2013ء) چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری سے سیکیورٹی واپس لینے کے مسئلے پر وزیر داخلہ نے سینٹ سیکرٹریٹ کے خط کا جواب دینے سے انکار کردیا ہے اور سینٹ حکام کے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود وزارت داخلہ کے حکام نے کوئی جواب نہیں دیاجس پر چیئرمین سینٹ نے یہ معاملہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس کے سواء دیگر تمام اہم شخصیات سے رینجرز کی سکیورٹی واپس لینے کا اعلان کردیا تھا جس پر آئی جی اسلام آباد بنیامین نے آئینی طور پر اہم عہدے پر تعینات چیئرمین سینٹ کو دی گئی اسلام آباد پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی جس پر چیئرمین سینٹ نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو خط لکھ کر سیکیورٹی واپس لینے پر شدید احتجاج کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سینٹ کے سینئر حکام نے اس ضمن میں وزارت داخلہ کے سینئر حکام سے کئی مرتبہ رابطہ قائم کیا اور حکام کو بتایا کہ چیئرمین سینٹ نیئر بخاری سے سیکیورٹی واپس لینا غیر آئینی اقدام اور سیکیورٹی رسک ہے لہٰذا اسلام آباد پولیس کی سیکیورٹی واپس کی جائے تاہم وزارت داخلہ نے سینٹ کے حکام کو خط کا جواب دینے سے گریز کیا جس پر نیئر بخاری نے اس معاملے پر وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :