صدر زرداری کا دورہ دبئی ، چیئر مین سینٹ نیئر بخاری نے قائمقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

ہفتہ 13 جولائی 2013 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13جولائی۔ 2013ء) چیئر مین سینٹ سید نیئرحسین بخاری نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے بیرونی ملک کے دورے پر ہونے کے باعث ان جگہ قائمقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں جس کے بعد صدر مملکت کی مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کردیاگیا ، صدر آصف علی زرداری 3ہفتے کے نجی دورے پر گزشتہ روز دبئی روانہ ہوچکے ہیں ، آئین کے تحت قائمقام صدر کو تمام تر صدارتی اختیارات حاصل ہوئے ہیں ، جنہیں وہ صدر کی غیر موجودگی میں امور مملکت رواں رکھنے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔

واضح رہے کہ حکومت نے نئی سیکیورٹی پالیسی کے تحت صدر مملکت ، وزیراعظم اور چیف جسٹس کے علاوہ دیگر تمام حکومتی عہدیداروں کے خصوصی سیکیورٹی ختم کردی تھی ۔ چیئر مین سینٹ بھی اس پالیسی کی زد میں آئے تھے اور اور انکی سیکیورٹی پر تعینات رینجرز اور ایف سی کے اہلکار واپس بلا لئے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

جس پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن نے احتجاج بھی کیاتھا ۔

سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی اس حوالے سے وزارت داخلہ کو ایک خط ارسال کیاتھا جس مین کہاگیا تھا کہ صدر اور وزیراعظم کے بعد پروٹوکول کے اعتبار سے تیسرا بڑا مملکتی عہدہ چیئر مین سینٹ کا ہے اس لئے انکی سیکیورٹی ختم کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔ وزارت داخلہ نے 3 ہفتے گزارنے کے بعد سینٹ سیکرٹریٹ کے اس خط کاتو کوئی جواب نہیں دیا تاہم صدر آصف علی زرداری کے دورہ دبئی کیوجہ سے چیئر مین سینٹ بطورقائمقام صدر ٹاپ سیکیورٹی حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوگئے ہیں اور وزارت داخلہ نے انہیں بطور قائمقام صدر تمام پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم کردی ہے ۔