امریکہ نے پاکستان سے سمگل کی گئیں 39 نواردات پاکستان کے حوالے کر دیں۔چوری شدہ نوادرات میں بدھا کے مجسمے، ورزش کے آلات اور دیگر اشیاء شامل ہیں، جی جی جمال کا امریکی سفیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 8 مارچ 2007 18:16

اسلام آباد (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار08 مارچ2007) امریکہ نے پاکستان سے سمگل کی گئیں ہزاروں سال پرانی 39 نوادرات جمعرات کے روزپاکستانی حکام کے حوالے کر دیں مذکورہ نوادرات امریکی کسٹم حکام اورمیری لینڈ سکیورٹی نے پکڑی تھیں جبکہ 10 مزید نوادرات آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ اس بات کا اعلان جمعرات کے روزوفاقی وزیر ثقافت جی جی جمال اور امریکی سفیر ریان سی کروکر نے سرسید اکیڈمی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر جی جی جمال نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا منفرد دن ہے اورہم امریکہ کی سنٹرل اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے اداروں کے شکرگزارہیں مذکورہ نوادرات گندھارا تہذیب کی تھیں جو تخت بھائی، ٹیکسلا، باجوڑ، سوات اور باجوڑ سے چرائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی ملک کو اس کے ثقافتی ورثے سے محروم نہیں کیا جا سکتا نوادرات یونیسکو کے تعاون سے برآمد ہوئیں جو دنیا میں ن وادرات کی غیرقانونی تجارت اور کھدائی روکنے میں اہم کردارادا کر رہاہے پاکستان یونیسکو کا ممبر ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ کسی بھی ملک کا اثاثہ ہوتا ہے اور یورپ بھی اس گلوبل ویلج کا حصہ ہے ہم ڈاکٹر کاکڑ کے شکر گزارہیں جنہوں نے امریکہ جا کر اپنے ورثے کی شناخت کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوری شدہ نوادرات میں بدھا کے مجسمے، ورزش کے آلات، کاسمیٹکس وغیرہ شامل تھیں گو کہ ابھی تک ملزم گرفتارنہیں ہوئے لیکن ہم امریکہ کے تعاون سے سمگلروں کو گرفتار کر لیں گے۔ اس موقع پر امریکی سفیر ریان سی کروکر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات کو خاص اہمیت دیتاہے اور گندھارا آرٹ کلچر برصغیر کا ثقافتی ورثہ ہے جسے محفوظ کرنے کیلئے امریکہ آئندہ بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :