چیچہ وطنی، صوبائی وزیر زکوٰة و عشر کا رمضان بازاروں کا دورہ، چینی کے پیکٹ کا وزن کم ہونے پر عملے کی سرزنش

پیر 15 جولائی 2013 17:51

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جولائی۔ 2013ء)صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے تحصیل چیچہ وطنی کے تینوں رمضان بازاروں کا دورہ کیا، ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر ساہیوال ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ایم این اے چودھری منیر ازہر،سابق تحصیل ناظم چودھری محمد طفیل جٹ اور دیگر شخصیات بھی انکے ہمراہ تھیں،صوبائی وزیر کمبوہ چوک میں لگائے گئے رمضان بازار میں پہنچے توصارفین مہنگائی کیخلاف پھٹ پڑے اور ایک صارف نے چینی کے کم وزن کی شکایت بھی کرڈالی،صوبائی وزیر کی موجودگی میں سستی چینی کے پیکٹ کا وزن کیاگیا تو وہ پانچ کلوگرام کی بجائے پونے پانچ کلوگرام نکلا جس پر ایکشن لیتے ہوئے صوبائی وزیر معاملہ انکوائری کمیٹی کے سپرد کردیا،ڈی سی او نے صارفین کا شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے رمضان بازار میں موجودیوٹیلیٹی سٹور کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ صارفین کو انکی طلب کے مطابق چینی فراہم کریں اور دیگر اشیا ساتھ خریدنے کی شرط عائد نہ کریں،صوبائی وزیر مختلف سٹالوں پر گئے اور اشیائے خوردونوش کے معیار اور نرخوں کا جائزہ لیا،انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں اعتدال پر رکھنے کی ہدایت کی،اس موقع پر انجمن تاجران کے نمائندوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازار میں رکھی گئی بعض اشیاء غیر معیاری ہیں جس وجہ سے صارفین کا رجحان معیاری اشیا سے اوجھل ہورہا ہے، صوبائی وزیر نے کسووال اور 90موڑ پر لگائے گئے رمضان بازاروں کا بھی دورہ کیا اورصارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے آٹے کے معیار اور وزن کا بھی جائزہ لیا۔