ڈاکٹروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ،ریگولرائزیشن کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے،خیبر پختونخواکے وزیر صحت اور صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی کی ڈاکٹروں کو یقین دہانی

پیر 15 جولائی 2013 22:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جولائی۔ 2013ء)خیبر پختونخواکے وزیر صحت اور صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی نے ایڈہاک ڈاکٹروں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور ان کی ریگولرائزیشن کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔یہ یقین دہانی انہوں نے پیر کے روز پشاور میں ایڈہاک ڈاکٹروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔

وفد کے ارکان نے وزیر موصوف کو ایڈہاک ڈاکٹروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے اکتوبر 2012میں ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی تھی لیکن 9ماہ گزرنے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا اور گزشتہ 9ماہ سے ان کی تنخواہیں بند ہیں ۔انہوں نے تنخواہوں کی فوری ادائیگی ،ان کی تقرری کا بلا تاخیر نوٹیفیکیشن جاری کرنے اور اسمبلی ایکٹ کے ذریعے ان کی سروس ریگولرائز کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا کہ ایڈہاک ڈاکٹروں کے مسائل جائز ہیں اگر کوئی تکنیکی مسئلہ حائل نہ ہو تو انہیں فوری طور پر حل کر دیں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایڈہاک ڈاکٹروں کا کیس فوری طور پر انہیں بھجوایا جائے تاکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات کئے جا سکیں۔انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ آپ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ کے مستقبل کو محفوظ بنا کر آپ کی خدمات سے بھرپور استفادہ کریں گے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہمیں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا احساس ہے اور ہم یہ مسئلہ فوری طور پر حل کرانا چاہتے ہیں اسی لئے صوبائی حکومت نے ایڈہاک ڈاکٹروں کی تعیناتی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ موجودہ ایڈہاک ڈاکٹروں کے مسائل اس سے پہلے حل ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت وہ اہم شعبہ ہے جس کے ذریعے معاشرے کی دکھی انسانیت اور پسے ہوئے عوام کی بہتر طور پر خدمت کی جا سکتی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے باقاعدہ طور پر ورکنگ گروپ قائم کر دیا ہے جس کی ایک نشست بھی ہو چکی ہے اور 15جولائی تک یہ اپنی سفارشات حکومت کو پیش کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کے بجٹ میں ایک ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس میں کئی گنا اضافہ کریں گے۔اسی طرح بنیادی مرکز صحت سے لے کر ٹیچنگ ہسپتالوں تک کی استعداد کار بڑھانے کے عمل پر بھی کام شروع کر دیا ہے اس سے نہ صرف عوام کو کم خرچ پر مقامی سطح پر بہتر طبی سہولیات میسر ہوں گی بلکہ پشاور کے بڑے ہسپتالوں پر رش بھی کم ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے تمام تر اقدامات کا محور عام آدمی کی حالت بہتر بنانا اور انہیں ان کی دہلیز پر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے اور ہم اس اہم مقصد کے لئے عزم مصمم رکھتے ہیں۔