قائم مقام صدر نے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا استعفیٰ منظور کرلیا ، چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری عہدے سے برطرف

منگل 16 جولائی 2013 18:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جولائی۔ 2013ء) قائم مقام صدر نیئر حسین بخاری نے وزیر اعظم کی ایڈوئس پر گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا استعفیٰ منظور کرلیا جبکہ چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کو عہدے سے برطرف کردیا ۔

(جاری ہے)

منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے 11 مئی کو ہونے والے انتخابات میں ناکامی پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اب وزیر اعظم نواز شریف کے مشورے پر قائم مقام صدر نیئر حسین بخاری نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

قائم مقام صدر کی جانب سے استعفیٰ منظور کئے جانے کے بعد کابینہ ڈویژن نے بھی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ نئے گورنر کی تقرری تک وہ اس عہدے پر کام جاری رکھیں گے یا آئین کی رو سے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال عبوری طور پر اس عہدے پر فائز ہوں گے۔دوسری جانب قائمقام صدر نے ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کو بھی عہدے سے برطرف کردیا ۔ کابینہ ڈویژن نے عہدوں کے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے ۔