حیدرآباد،بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام محکمہ صحت کے ڈاکٹرز‘ پیرا میڈیکل اسٹاف اور تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کا 11ماہ سے وظیفوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 16 جولائی 2013 20:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جولائی۔ 2013ء) بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام محکمہ صحت کے ڈاکٹرز‘ پیرا میڈیکل اسٹاف اور تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں نے 11ماہ سے وظیفوں کی عدم ادائیگی کے خلاف حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا، تفصیلات کے مطابق شہباز بلڈنگ حیدرآباد کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز اٹھائے مطالبات کے حق میں نعرے لگارہے تھے، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام محکمہ صحت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف گذشتہ 5 سالوں سے سندھ کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کررہے ہیں اور اب تک 12 ہزار طلباء فنی تربیت حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو گذشتہ 11 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کے باعث وہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے بے نظیر بھٹو شہید ڈویلپمنٹ پروگرام میں تربیت فراہم کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کا بل منظور ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں اب تک مستقل نہیں کیا گیا ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کے علاوہ فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو بھی 11ماہ سے اعلان کئے گئے وظیفے نہیں دیئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کا تربیت جاری رکھنا بھی دشوار ہوگیا ہے، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر تنخواہیں ادا کرکے مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :