قائم مقام صدر نے گورنر پنجاب کا استعفیٰ منظور کرلیا ، فصیح بخاری کو چیئرمین نیب کے عہدے سے برخاست کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔ اپ ڈیٹ

منگل 16 جولائی 2013 20:26

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جولائی۔ 2013ء) قائم مقام صدر نیئر حسین بخاری نے وزیر اعظم کی ایڈوئس پر گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا استعفیٰ منظور کرلیا جبکہ فصیح بخاری کو چیئرمین نیب کے عہدے سے برخاست کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔ منگل وزیر اعظم نواز شریف کے مشورے پر قائم مقام صدر نیئر حسین بخاری نے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا استعفیٰ منظور کرلیا ۔

قائم مقام صدر کی جانب سے استعفیٰ منظور کئے جانے کے بعد کابینہ ڈویژن نے بھی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ نئے گورنر کی تقرری تک وہ اس عہدے پر کام جاری رکھیں گے یا آئین کی رو سے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال عبوری طور پر اس عہدے پر فائز ہوں گے۔ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے 11 مئی کو ہونے والے انتخابات میں ناکامی پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق قائم مقام صدر ِمملکت نیئر حسین بخاری نے عدالتی حکم کی روشنی میں چیئرمین نیب فصیح بخاری کو عہدے سے برخاست کرنے کی سمری منظور کر لی۔ واضح رہے کہ فصیح بخاری کو 16 اکتوبر 2011 کو دیدار حسین شاہ کی تقرری کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد چیرمین نیب مقرر کیا گیا تھا تاہم اس وقت کے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے ان کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ چیرمین نیب کی تقرری میں ان کی مشاورت شامل نہیں اس لئے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :