ڈینگی کے خاتمے کے لئے محکمہ آبپاشی کے دفاتر میں بارشی پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے،صوبائی وزیرآبپاشی

منگل 16 جولائی 2013 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جولائی۔ 2013ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ آبپاشی کے دفاتر میں بارشی پانی کی نکاسی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تا کہ بارشی پانی کھڑا رہنے سے ڈینگی لاروا پرورش نہ پا سکے۔ وہ منگل کو اجلاس میں محکمہ آبپاشی و پیڈا کے افسران سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (آپریشن) ملک محمد سلیم ،جنرل منیجر پیڈا میاں مقبول احمد،جنرل مینجر( آپریشن) محمد یونس بھٹی اور سیکرٹری پیڈا افضل انجم طور کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ رواں مون سُون میں دفاتر کے اردگرد بارش کا پانی کسی جگہ جمع نہ ہونے دیا جائے ۔

(جاری ہے)

دفاتر کی چھتوں پر کوڑا کباڑ ہرگز نہیں ہونا چاہیے جس کی وجہ سے چھتوں پر پانی جمع ہو سکتا ہو۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے افسران اپنے اپنے دفاتر سے نکاسی آب کے ذمہ دار ہوں گے ۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اگر کسی دفتر میں نکاسی آب کے حوالے سے شکایات سامنے آئیں تو ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تا کہ ملازمین دلجمعی سے محنت کریں اور عوام کو ریلیف مل سکے ۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ پیڈا کے افسران و فیلڈ عملہ کسان تنظیموں کو ڈینگی کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرے تا کہ دیہی آبادیوں کو بھی ڈینگی کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :