شعبہ صحت کے تمام اداروں کو فعال بناکر حقیقی معنوں میں عوامی فلاحی ادارے بنائیں گے ،صحت کے شعبے سے ہر قسم کی سیاسی مداخلت کا خاتمہ ،میرٹ کی بالادستی یقینی بنائیں گے،خیبر پختونخواکے وزیر صحت اور صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی کی خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں بات چیت

منگل 16 جولائی 2013 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جولائی۔ 2013ء) خیبر پختونخواکے وزیر صحت اور صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ شعبہ صحت کے تمام اداروں کو فعال بناکر انہیں حقیقی معنوں میں عوامی فلاحی ادارے بنائیں گے اور صحت کے شعبے سے ہر قسم کی سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر کے میرٹ کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔وہ منگل کے روز پشاور میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور سے متعلق بریفنگ کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر وزیر موصوف کو یونیورسٹی اور اس کے ماتحت اداروں کے خدو خال،تنظیمی ڈھانچے،فرائض،کارکردگی اور درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی بہتری کے لئے کئی قابل عمل اور مفید تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے انتہائی افسوس کے ساتھ کہا کہ ہمارے تمام اداروں کی تباہی کی بڑی وجوہات سفارش ،اقربا پروری اور سیاسی اثر و رسوخ ہے اور جس معاشرے میں سفارش،اقربا پروری اور سیاسی بیساکھیاں میرٹ بنیں اس کا مقدر تباہی کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نئے عزم اور تبدیلی کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئے ہیں اور انشاء اللہ صوبے میں میرٹ پر مبنی اور سیاست سے پاک ایسا شفاف نظام لائیں گے جس کامعیار صرف اور صرف میرٹ ہوگا اور صرف قابل اور اہل لوگ ہی آگے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے متعارف کردہ نظام میں چاہنے کے باوجود بھی نہ کوئی کرپشن کر سکے گا اور نہ ہی بد انتظامی ہوگی ۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی سرکاری ادارے روبہ زوال ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں معمولی وسائل کے ساتھ نجی شعبہ کی کارکردگی اس سے کئی گنابہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سرکاری اداروں کی کارکردگی بڑھائیں گے اور کام چور اور نااہل افسران اور اہلکاروں کو چلتا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے ہمیں انفرادی کی بجائے اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت بنیادی اور دیہی مراکز صحت ،تحصیل اور ضلعی سطح پر ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھا رہی ہے اور پہلے مرحلے میں صوبے کے ہر ریجن میں ایم آر آئی،سٹی سکین اور دیگر جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں اور اگلے مرحلے میں بتدریج اس کا دائرہ کار ضلع اور پھرتحصیل تک بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :