قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو غیر معیاری جنریٹرز فراہم کر نے والی کمپنی سے خرد برد کی ہوئی رقم واگزار کرالی،پانچ کروڑ 30 لاکھ مالیت کا کنٹریکٹ مذکورہ کمپنی کو محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے دیا تھا

بدھ 17 جولائی 2013 19:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17جولائی۔ 2013ء)قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو غیر معیاری جنریٹرز فراہم کر نے والی کمپنی سے خرد برد کی ہوئی رقم واگزار کرالی۔ پانچ کروڑ 30 لاکھ مالیت کا کنٹریکٹ مذکورہ کمپنی کو محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے دیا تھا۔

(جاری ہے)

انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ کمپنی کو امپورٹیڈ جنریٹرز سپلائی کر نا تھے تاہم انہوں نے مقامی غیر معیاری جنریٹرز کی فراہمی کے ذریعے قومی خزانے کو 98 لاکھ 57 ہزارکا نقصان پہنچایا۔

بعدازاں مذکورہ کمپنی خرد برد کی گئی رقم کی رضاکارانہ واپسی پر آمادہ ہو گئی۔ دریں اثناء پیسکو اور ٹیسکو کے کمرشل نادھندگان سے واجب الادارقم کی وصولی کے لئے قومی احتساب بیورو خیبر پختونخواہ میں قائم خصوصی سیل نے اب تک796 نادھندگان سے 14 کروڑ 77 لاکھ روپے کی وصولی کر لی ہے۔ وصولی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اور نادھندگان اس سلسلے میں قومی احتساب بیورو سے رقم جمع کرانے کے لئے رابطہ کر رہے ہیں۔