صوبائی حکومت ڈینٹل سپیشلائزیشن کی نشستوں میں اضافہ کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی،خیبر پختونخوا کے وزیر صحت اور صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی کی بی ڈی ایس ڈاکٹرز کویقین دہانی

بدھ 17 جولائی 2013 19:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17جولائی۔ 2013ء)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت اور صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت علی یوسفزئی نے بی ڈی ایس ڈاکٹروں کو یقین دلایا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت انہیں کھپانے اور ڈینٹل سپیشلائزیشن کی نشستوں میں اضافہ کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی۔یہ یقین دہانی انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں بی ڈی ایس ڈاکٹروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔

پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اختر علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے وزیر موصوف کو بتایا کہ چونکہ پورے صوبے میں صرف پشاور میں ایک ڈینٹسٹری کالج موجود ہے جو ہر سال فارغ التحصیل بی ڈی ایس ڈاکٹروں کو کھپانے کے لئے ناکافی ہے۔انہوں نے صوبے بھر خصوصاً پشاور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ڈینٹسٹری کا ایک مکمل شعبہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا کہ انہیں ڈاکٹروں اور طب کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کے مسائل و مشکلات کا احساس ہے اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ یہ ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر پالیسیوں کا محور عام آدمی کی فلاح اور بہتری ہے اور ہم ہر حال میں عام آدمی کی فلاح و بہتری کو مقدم رکھیں گے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت طب سمیت تمام شعبوں میں نمایاں تبدیلی لانے میں سنجیدہ ہے اس لئے اس نے صحت ،تعلیم،سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بلدیات جیسے اہم شعبوں میں اصلاحات لانے کے لئے باقاعدہ طور پر ورکنگ گروپس قائم کئے ہیں اور انہیں ہر حال میں اپنا کام 25جولائی تک پورا کرنے کا ٹاسک دیاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر بہت کام کیا ہے اور ان میں مزید بہتری لانے کے لئے متعلقہ شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپس بھی قائم کر دئیے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ خیبر پختونخواکو مثالی اور کرپشن فری صوبہ بنانے کے لئے ہمارے پاس ایک جامع پروگرام موجود ہے اور حسب وعدہ تبدیلی کا نعرہ سچ کر دکھائیں گے۔

انہوں نے بی ڈی ایس ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر محکمے کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں درپیش مسائل و مشکلات کا مداوا کیاجاسکے۔انہوں نے وفد کے ارکان سے کہاکہ وہ بھی آئندہ اجلاس کیلئے پوری تیاری کے ساتھ آئیں اور ایسی قابل عمل اور مفید تجاویز پیش کریں جو ان کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی طب کے شعبے میں درپیش مسائل و مشکلات کے حل میں ممدو معاون ثابت ہوں۔