موجودہ حکومت نابیناؤں سمیت معاشرے کے تمام معذور و لاچار طبقوں کی حقیقی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے ،اس مقصد کیلئے بہتر نتائج پر مبنی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ،سینئر صوبائی وزیر سراج الحق کی پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے وفد سے بات چیت

بدھ 17 جولائی 2013 20:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17جولائی۔ 2013ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نابیناؤں سمیت معاشرے کے تمام معذور و لاچار طبقوں کی حقیقی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے بہتر نتائج پر مبنی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے وہ پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے ایک وفد سے باتیں کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جس نے صوبائی صدر قاری سعد نور کی معیت میں ان سے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے بعض مسائل و مطالبات سے انہیں اگاہ کیا سراج الحق نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت نے خلفائے راشدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنا بجٹ ترقیاتی، فلاحی اور انتظامی تین حصوں میں تقسیم کیا ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 162 ارب96 کروڑ90 لاکھ روپے فلاحی بجٹ کے لئے مختص کئے گئے ہیں جو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہیں اس کے تحت بصارت اور سماعت وقوت گویائی سے محروم خصوصی افراد اور ذہنی و جسمانی معذوروں کی فلاح و بہبود کیلئے متعد د منصوبوں پر کام شروع کیا ج رہا ہے اسی طرح ملازمتوں میں اِن کے کوٹہ ، معذوری سرٹیفیکٹ کا اجراء، سفید چھڑی، آلہ سماعت ، وِیل چیئر اور ٹرائی سائیکل کی ضرورت کے مطابق فراہمی یقینی بنائی جائیگی وفد کے مطالبات کے جواب میں انہوں نے پشاور میں ایڈلٹ بلائنڈ ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر و لائبریری کی تعمیر کیلئے خصوصی فنڈ کی فراہمی میں مناسب تعاون اور وزیراعلی سے بات کرنے کا یقین دلایا اسی طرح دس سال تک گریڈ سترہ میں کام کرنے والے نابینا اساتذہ کی گریڈ اٹھارہ میں ترقی کا ہمدردانہ جائزہ لینے، گورنمنٹ سکول برائے نابینا بچے پشاور کا درجہ ہائیرسیکنڈری تک بڑھانے، درکار اسامیوں کی فراہمی، معذور طلبہ و طالبات کو ماہانہ وظائف دینے اور نابیناؤں کو سلائی مشینوں اور سفید چھڑی کی فراہمی کیلئے مناسب سطح پر اقدامات کا یقین بھی دلایا تاہم امید ظاہر کی کہ نابینا افراد خود کو کمزور سمجھنے کی بجائے شبانہ روز محنت کرکے خود کو معاشرے کے کارآمد اور مفید شہری ثابت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :