بلدیاتی نظام کی منظوری پر اپوزیشن سمیت تمام طبقات سے مشاورت اور تجاویز لی جائینگی، رانا ثناء اللہ خان،بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے حلقہ بندیاں ضروری ہیں جن پر کم ازکم ڈیڑھ سے دو ماہ لگیں گے، ہم ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جس سے عام آدمی کے مسائل حل ہونگے اور اختیارات بھی نچلی سطح پر منتقل ہو جائیں گے، بلدیاتی نظام کی منظوری کیلئے جلد پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 جولائی 2013 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20جولائی۔2013ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کی منظوری پراپوزیشن سمیت تمام طبقات سے مشاورت اور تجاویز لی جائیں گی، بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے حلقہ بندیاں ضروری ہیں جن پر کم ازکم ڈیڑھ سے دو ماہ لگیں گے، ہم ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جس سے عام آدمی کے مسائل حل ہونگے اور اختیارات بھی نچلی سطح پر منتقل ہو جائیں گے، بلدیاتی نظام کی منظوری کیلئے جلد پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ء اللہ خان نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی منظوری پنجاب اسمبلی نے ہی دینی ہے اور جب یہ بل پنجاب اسمبلی میں لایا جائے گا تو اس پر اپوزیشن کو بھرپور بات کرنے کی اجازت ہو گی اور اس کے ساتھ ساتھ ہم اسمبلی سے باہر بیٹھے تمام طبقات سے بھی مشاورت کریں گے اور ان سے تجاویز لی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی صورت تاخیر نہیں چاہتی لیکن آئینی اور قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں، پنجاب اسمبلی سے بل کی منظوری کے بعد حلقہ بندیوں میں بھی کم ازکم ڈیڑھ سے دو ماہ لگیں گے۔