Live Updates

و فاقی دارلحکومت کے باشعور عوام کے متحرک سیاسی کردار سے روایتی سیاسی کرداروں پر سیاست کی زمین تنگ ہورہی ہے، تحریک انصاف تعلیم یافتہ طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے،22اگست کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور حلقہ این اے 48سے امیدوار اسد عمرکاکارنر میٹنگ سے خطاب

اتوار 21 جولائی 2013 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21جولائی۔2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور حلقہ این اے 48سے امیدوار اسد عمر نے کہا ہے کہ و فاقی دارلحکومت کے باشعور عوام کے متحرک سیاسی کردار کے باعث روایتی سیاسی کرداروں پر سیاست کی زمین تنگ ہورہی ہے، تحریک انصاف تعلیم یافتہ طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے،22اگست کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔

وہ اتوار کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے وفاقی دارلحکومت کے مختلف سیکٹرز میں عوامی اجتماعات اور کارنرز میٹنگز سے خطاب کررہے تھے۔اسد عمر نے کہا کہ رائے دہی کا استعمال ایک مقدس فریضہ ہے جس کی موثر ادائیگی سے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کر نے اور اپنے معاملات خود سنھبالنے کا موقع ملتا ہے اور جس طرح وفاقی دارلحکوت کے باشعور شہریوں نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیکر کامیاب کرایا بالکل اسی جذبہ اور لگن سے ایک بار تحریک انصاف کو کامیاب کرائینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے عوام کیلئے انتظامی، مالی اور سیاسی اختیارات کا حصول ان کی اولین ترجیح ہے جسے وہ اسی صورت میں حاصل کر سکتے ہیں جب عوام ان کے شانہ بشانہ ہوں اور 22اگست کو تحریک انصاف کے حق میں اپنے ووٹ استعمال کریں۔ عام انتخابات میں حلقے کے عوام کی جانب سے تحریک انصاف کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسد عمرکا کہنا تھا کہ اب بھی تحریک انصاف ہی سرخرو ہوگی اور عوام کے بے مثال تعاون سے ہم قومی اسمبلی کی نشست جتنے میں کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف اسلام آباد کے رہنما عامر مغل ،علی نواز اعوان سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات