سپریم کورٹ نے صدارتی انتخاب کا شیڈول نہیں صرف پولنگ کی تاریخ تبدیل کی ہے، امید ہے پیپلز پارٹی اس انتخاب میں حصہ لے گی،وزیر اعظم روزانہ عوام سے مخاطب ہوتے ہیں، دیامربھاشا ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی میں امریکہ کی مالی تعاون کی پیشکش موجودہ حکومت کی اہم کامیابی ہے، مسلم لیگ (ن) وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت نہیں کرتی، رائے شماری میں ہمارے اراکین حصہ نہیں لیں گے ، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، تحریک عدم اعتماد اور وفاقی حکومت بدلتے ہی آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کا کلچر ختم ہو نا چاہیے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا نیشنل پریس کلب فیملی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب

بدھ 24 جولائی 2013 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24جولائی۔2013ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صدارتی انتخاب کا شیڈول نہیں صرف پولنگ کی تاریخ تبدیل کی ہے، امید ہے پیپلز پارٹی صدارتی انتخاب میں حصہ لے گی،وزیر اعظم میاں نواز شریف روز عوام سے مخاطب ہوتے ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی میں امریکہ کی جانب سے مالی تعاون کی پیشکش موجودہ حکومت کی اہم کامیابی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی مسلم لیگ (ن) حمایت نہیں کرتی، رائے شماری میں ہمارے اراکین حصہ نہیں لیں گے ، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے، تحریک عدم اعتماد اور وفاقی حکومت بدلتے ہی آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کا کلچر ختم ہو نا چاہیے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روزیہاں نیشنل پریس کلب فیملی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور ترقی کے لیے اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے کلچر کا خاتمہ ہو جبکہ وفاقی حکومت کی تبدیلی کے ساتھ آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کی روایت بھی ختم ہو نی چاہیے۔ لہٰذا مسلم لیگ (ن) وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرتی جبکہ تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری میں ہمارے اراکین قانون ساز اسمبلی حصہ نہیں لیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے کسی رکن نے پارٹی پالیسی کی اس حوالے سے خلا فورزی کی تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ امید ہے کہ پیپلز پارٹی صدارتی انتخاب میں حصہ لے گی۔ سپریم کورٹ نے صدارتی انتخاب کا شیڈول تبدیل نہیں کیا بلکہ 27 رمضان المبارک کو عبادت کی رات ہو نے کی وجہ سے پولنگ کی تاریخ تبدیل کی ہے تا کہ مذہبی فریضہ بھی احسن انداز میں پورا کیا جا سکے اور قومی و آئینی فریضہ بھی پورا ہو جائے۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں کسی انتخابی مہم کی ضرورت نہیں ہوتی۔48 گھنٹے کے نوٹس پر بھی ہو سکتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 27 رمضان المبارک کو پاکستان ضرور بنا، مگر پاکستان کے لیے جدوجہد کافی پہلے سے ہو رہی تھی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے قوم سے خطاب بارے سوال کے جوا ب میں کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف تو ہر روز قوم سے مخاطب ہوتے ہیں لہذا ان کے قوم سے خطاب کے شیڈول میں تبدیلی کوئی اہم بات نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 502 ارب روپے کے گردشی قرضوں کی ادائیگی جولائی میں بجلی کی پیداوار کا 15000 میگا واٹ تک پہنچنا اور دیامر بھاشا ڈیم کی فریبلٹی سٹڈی کے لیے امریکہ کی جانب سے مالی مدد کی پیشکش موجودہ حکومت کی اہم کامیابیاں ہیں ۔ صوبہ خیبر پختونخوا کو حصے کی بجلی مل رہی ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن اور گرڈ اسٹیشنوں میں پید اہونے والی خرابیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ بجلی کی چوری روکنے کے حامی ہیں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل میں بجلی چوری کے حوالے سے صوبوں نے بعض اعتراضات کئے ہونگے انہیں دوسرے اجلاس میں دیکھ لیاجائے گا او راس میں کوئی ایسی بات نہیں جس میں حکومت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 30 جولائی کو دوبارہ ہو گا ۔ تقریب سے آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری یٰسین اور جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا امیر زمان نے بھی خطاب کیا۔