شوکت یوسفزئی کی ایل آر ایچ پشاور میں حملے میں زخمی ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی کی عیادت،واقعے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت،پوری قوم پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پولیس کی بے مثال قربانیوں پر فخر ہے،حالات کی نزاکت کے مطابق عوام بغیر نمبر پلیٹ گاڑی ،موٹر سائیکل روڈ پر نہ لائیں،پرائی جنگ سے نکلے بغیر دہشتگردی کا مکمل خاتمہ مشکل ہے ،صوبائی وزیر صحت اور حکومتی ترجمان کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 25 جولائی 2013 23:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25جولائی۔2013ء) حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اورصوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے جمعرات کے روز پشاور میں ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی گل ولی خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کی لا زوال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ اس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور اس خطے کو سب مل کر امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

جمعرات کے روزپولیس لائن پشاور میں مذکورہ واقعہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی کمانڈنٹ کے محافظ اور ڈرائیور کی نماز جنازہ میں شرکت اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زخمی ڈپٹی کمانڈنٹ گل ولی خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پوری قوم ہماری بہادر پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن عزیز کیلئے پولیس فورس کی بے مثال قربانیوں پر اسے فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گل ولی خان کے صاحبزادے کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا کہ پوری قوم اس مشکل آزمائش میں ان کے ساتھ ہے اورمذکورہ واقعہ میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ یہ خالصتاً دہشت گردی کا واقعہ ہے چونکہ پولیس فورس دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور قوم کو تحفظ دینے کی براہ راست ذمہ دار ہے اس لئے یہ ٹارگٹ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کرحالات کو بہتر بنائیں تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کی روک تھام کیلئے واضح قومی پالیسی نہیں بنائی جاتی اور پرائی جنگ سے نکلنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جاتا دہشت گردی کا مکمل خاتمہ مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف کا موقف بالکل واضح ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس خطے میں جاری خون ریزی کو مستقل طور پر بند کیا جائے اور یہاں کے معصوم لوگوں کو اس جنگ کا ایندھن بننے سے محفوظ کیا جائے۔

ایک دوسرے سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حالات کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑی خصوصاً موٹر سائیکل روڈپر نہ لائیں کیونکہ یہ عام حالات نہیں بلکہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ اس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ امن و امان کے قیام میں سیکورٹی اداروں کا بھر پور ساتھ دیا جائے۔انہوں نے مذکورہ واقعہ میں جام شہادت نوش کرنے والے محافظ اور ڈرائیور کے درجات کی بلندی اور زخمی ڈپٹی کمانڈنٹ گل ولی خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :