مضر صحت اشیاء کی فروخت ، ق لیگ کی پنجاب اسمبلی میں تحریک التواجمع ،ملاوٹ شدہ غذا سے ہونے والی اموات دہشت گردی سے ہونے والے جانی نقصان سے زیادہ ہیں ‘ وقاص موکل ، ڈاکٹر محمد افضل ، عامر سلطان چیمہ

جمعہ 26 جولائی 2013 21:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26جولائی۔2013ء) مسلم لیگ (ق) لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے روہیلا نوالی مظفر گڑھ میں زہریلے چاول کھانے سے130 افراد کے بے ہوش ہونے کے واقعہ پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی ہے ،تحریک ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل، عامر سلطان چیمہ اور ڈاکٹر محمد افضل نے جمع کروائی تحریک میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مضرصحت اشیاء سے ہونے والی اموات کی تعداد دہشت گردی کے واقعات کے نتیجے سے ہونے والی اموات کی تعداد زیادہ ہے،ہر سال ہزاروں بیمار اور سینکڑوں جاں بحق ہوتے ہیں دودھ سے لیکر ادویات تک ہر چیز میں ملاوٹ ہو رہی ہے ،اراکین اسمبلی نے کہا کہ گزشتہ 5 سال سے عوام کو معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی روک تھام کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آئی ، یہاں تک کہ شہریوں کو صاف پانی بھی میسر نہیں ، حکومت کی عدم دلچسپی اور مجرمانہ غفلت کے باعث ایک بیمار معاشرہ پروان چڑھ رہا ہے ، انہوں نے اپنی تحریک میں کہا کہ ناقص پانی اور مضر صحت اشیائے خوردنوش کے بڑے پیمانے پر استعمال کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کا رش دن بدن بڑھ رہا ہے معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیا ء کی خریدو فروخت کے حوالے سے پنجاب حکومت نے 5 سال تجربات میں گزار دیئے ، انہوں نے سپیکر سے استدعا کی کہ مفاد عامہ کے اس انتہائی اہم مسئلہ پر بحث کے لیے ایوان کی کارروائی ملتوی کی جائے ۔