لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک مربوط پروگرا م شروع کیا جارہا ہے،شہر میں صحت وصفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر وایڈمنسٹریٹر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چیچہ وطنی علی شہزاد کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 26 جولائی 2013 21:49

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26جولائی۔2013ء) اسسٹنٹ کمشنر وایڈمنسٹریٹر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چیچہ وطنی علی شہزاد نے کہا ہے کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک مربوط پروگرا م شروع کیا جارہا ہے اور شہر میں صحت وصفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحصیل کے تینوں رمضان بازار کامیاب جارہے ہیں جہاں صارفین کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش دستیاب ہیں،اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ کمبوہ چوک، کسووال اور 90موڑ پرمعیاری آٹا سستے داموں فروخت کیا جارہا ہے جسکا مقصد مقدس مہینے کے دوران صارفین کی معاشی مشکلات کم کرنا ہے،انہوں نے بتایا کہ کمالیہ روڈ پر جعلی منرل واٹر تیار کرنے کی فیکٹری پکڑی گئی ہے اور جعلی مشروبات تیار کرکے لوگوں کی صحت سے کھیلنے والے افراد کیخلاف بھی مہم شروع کردی گئی ہے،اسسٹنٹ کمشنرنے مزید کہاشہر میں تجاوزات کے مسئلے کو تاجر تنظیموں اور شہریوں کی مشاورت سے حل کیا جائیگا۔