عشرت العباد نے جس چشمے سے گورنری کا” آب حیات“ پی رکھا ہے ممنون حسین صدر بننے سے قبل ہی اس چشمے کے کنارے فیضیابی کیلئے پہنچ گئے،زرداری اینڈ کمپنی پیپلزپارٹی میں ”مال کھانیوالے “ اعتزاز اور رضا ربانی ”مار کھانیوالے“ ہیں‘ پیپلزپارٹی کے بائیکاٹ نے اپوزیشن کے اتحاد کے تاثر کو ختم کر دیا‘ممنون حسین کو پیپلزپارٹی کا ممنون ہونا چاہیے ورنہ” وجیہہ کی شبیہہ“پریشانی دے سکتی تھی‘(ن) لیگ کے میاں اور بی بی کے میاں دونوں نے صدارتی تخت سندھ کے اکھاڑے میں اتار حالانکہ حق بلوچستان کا بنتا تھا، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد کی اوکاڑہ پریس کلب کے ارکان سے ٹیلیفونک بات چیت

ہفتہ 27 جولائی 2013 15:33

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 27جولائی 2013ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ عشرت العباد نے جس چشمے سے گورنری کا” آب حیات“ پی رکھا ہے ممنون حسین صدر بننے سے قبل ہی اس چشمے کے کنارے فیضیابی کیلئے پہنچ گئے،زرداری اینڈ کمپنی پیپلزپارٹی میں ”مال کھانیوالے “ اعتزاز اور رضا ربانی ”مار کھانیوالے“ ہیں‘ پیپلزپارٹی کے بائیکاٹ نے اپوزیشن کے اتحاد کے تاثر کو ختم کر دیا‘ممنون حسین کو پیپلزپارٹی کا ممنون ہونا چاہیے ورنہ” وجیہہ کی شبیہہ“پریشانی دے سکتی تھی‘(ن) لیگ کے میاں اور بی بی کے میاں دونوں نے صدارتی تخت سندھ کے اکھاڑے میں اتار حالانکہ حق بلوچستان کا بنتا تھا ۔

وہ ہفتہ کو طویل غیر ملکی دورہ سے واپسی پر اوکاڑہ پریس کلب کے ارکان سے ٹیلیفونک بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

حافظ حسین احمدنے کہا کہ ن لیگ کے باخبر لوگ سوچ رہے تھے کہ وہ کس بہانے نائن زیرو کا طواف کریں بھلا ہو صدارتی انتخاب کا ن لیگ کی مشکل آسان ہو گئی۔ایم کیو ایم سندھ میں پیپلزپارٹی کیساتھ ہو گی اور وفاق میں ن لیگ کا ساتھ دیگی۔ایک شوہر دو بیویاں رکھ سکتا ہے مگر ایک بیوی دو شوہر کیسے رکھے گی۔

عشرت العباد کو خوش ہونا چاہیے کہ ان کا چشمہ فیض اب ممنون کو بھی فیضیاب کریگا اور ممنون صدر بن کر عشرت العباد کو گورنر برقرار رکھ کر ثابت کر یں گے کہ انہوں نے گورنری کا آب حیات پیا ہو اہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں ایک گولڈن چانس تھا کہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جاتا مگر دونوں میاؤں نے صدارت کیلئے امیدوار سندھ سے دیکر یہ چانس ضائع کر دیا۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ زرداری اور الطاف کی یاری مستقبل میں مزید پکی ہونے کا امکان ہے کیونکہ ایوان صدر سے نکلنے کے بعد زرداری بیرون ملک رہنے کو ترجیح دیں گے ۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ اقتدار کے انڈے تو زرداری اینڈ کمپنی نے زردی سمیت کھا لئے اعتزاز اور رضا ربانی اب انڈے نہیں ڈنڈے کھائیں گے۔